کراچی(نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے نااہل ہونے والے سینیٹر فیصل واوڈا کی خالی ہونے والی نشست پر سندھ اسمبلی میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعدنتیجہ سامنے آ گیاہے جس میں پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو نے میدان مار لیا ہے اور سیٹ پی ٹی آئی کے ہاتھ سے نکل گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی نشست کیلئے سندھ اسمبلی میں ووٹنگ کا آغاز صبح نو بجے ہوا ، وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے پہلا ووٹ کاسٹ کیا جبکہ دیگر اراکین اسمبلی اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے اسمبلی پہنچتے رہے۔الیکشن کے لیے سندھ اسمبلی کے ہال کو پولنگ سٹیشن بنایا گیا جبکہ صوبائی الیکشن کمشنر ریٹرننگ افسر کے فرائض انجام دیئے۔
سندھ سے سینیٹ نشست کے لیے پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو اور پی ٹی آئی کے آغا ارسلان مد مقابل تھے ۔سندھ اسمبلی کے ارکان کی کل تعداد 168 ہے جس میں سے 99 اراکین پیپلز پارٹی کے ہیں جبکہ سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے اراکین کی تعداد 30 اور ایم کیو ایم کے 21 اراکین ہیں۔
سندھ اسمبلی میں جی ڈی اے کے 14، تحریک لبیک پاکستان کے 3 اور ایم ایم اے کا ایک رکن ہے جبکہ سینیٹ الیکشن میں کامیابی کے لیے امیدوار کو 85 ووٹس کی ضرورت ہوگی۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے دہری شہریت چھپانے پر پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل واوڈا کو نااہل قرار دیا تھا اور ان کی خالی نشست پر دوبارہ انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا۔
فیصل واوڈا کی خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست تحریک انصاف کے ہاتھ سے نکل گئی، پیپلز پارٹی کامیاب
