• Tue. Oct 22nd, 2024

News Time HD TV

Ansar Akram

محمد عامر سوشل میڈیا پر ایک صارف سے الجھ پڑے

Mar 11, 2022

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک ٹوئٹر صارف کو سابق کرکٹر محمد عامر پر طنز کرنا مہنگا پڑ گیا، محمد عامر نے ایسا ٹکا سا جواب دیا کہ بیچارا اپنا سا منہ لے کر رہ گیا۔ ویب سائٹ ’پرو پاکستانی‘ کے مطابق محمد عامر نے گزشتہ دنوں ہونے والے ایک میچ کے دوران ’پِچ‘کو ناقص قرار دیتے ہوئے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ”اس پِچ پر تو باﺅلرز کو گھر چلے جانا چاہیے، بلے باز ہی ایک دوسرے کے ساتھ کھیل لیں۔“
اس پر مغیث علی نامی ایک صحافی نے محمد عامر کے معروف میچ فکسنگ سکینڈل کے پس منظر میں ان پر فقرہ کسا کہ ”یہ میچ فکس تو نہیں؟ آپ کا تجربہ کیا کہتا ہے؟“ محمد عامر اس طنز پر خاموش رہے تاہم ان کے کچھ مداح آگے آئے اور اس صحافی کو کھری کھری سنا دیں، جس پر اس نے ان مداحوں کے متعلق غلیظ زبان استعمال کی۔
اپنے مداحوں کے بارے میں ایسے الفاظ سن کر محمد عامر آگے آ گئے اور اس شخص کو جوابی ٹویٹ میں لکھا کہ ”میں سوچ رہا تھا کہ تمہیں جواب نہ دوں لیکن اب تم نے فینز کے لیے برے الفاظ استعمال کیے ہیں تو سنو، تم نے سوال کیا تھا کہ آپ کا تجربہ کیا کہتا ہے، میرا تجربہ کہتا ہے کہ بڑا ہی مطمئن بے غیرت ہے تو۔“