• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

سائنسدانوں نے امریکہ میں اربوں مچھر چھوڑنے کی تیاری پکڑلی کیونکہ ۔ ۔۔

Mar 13, 2022

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) اب تک تو مچھر بیماریاں پھیلاتے ہی تھے تاہم اب سائنسدانوں نے انہیں بیماریوں کی روک تھام کے لیے استعمال کرنے کا حیران کن طریقہ ڈھونڈ نکالا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق امریکی سائنسدانوں نے اربوں ایسے ’نر‘ مچھر تیار کیے ہیں جن میں جینیاتی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ان تبدیلیوں کی بدولت یہ مچھر زکا، زرد بخار اور ڈینگی جیسی بیماریوں کے تدارک کے لیے قدرتی پیسٹ کنٹرول کا کام کریں گے اور انہیں پھیلنے سے روکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق یہ اربوں مچھر امریکی ریاستوں کیلیفورنیا اور فلوریڈا میں چھوڑے جائیں گے۔ لاکھوں کی تعداد میں ایسے مچھر فلوریڈا میں 2021ءکے آغاز میں بھی چھوڑے گئے تھے اور اس تجربے کے خاطرخواہ نتائج سامنے آئے ہیں، جس کے بعد ان مچھروں کی تعداد اربوں میں لیجانے کی منظوری دی گئی ہے۔
ماہرین نے بتایا ہے کہ ان مچھروں میں جینیاتی تبدیلی کرکے ایک ایسا پروٹین شامل کیا گیا ہے جو ان کے ذریعے پیدا ہونے والے مادہ مچھروں کو بلوغت کو پہنچنے سے پہلے ہی موت کے منہ میں دھکیل دیتا ہے۔ اس سے مچھروں کی افزائش بہت کم ہوتی ہے اور نتیجتاً مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں کے پھیلاﺅ میں کمی واقع ہوتی ہے، کیونکہ یہ بیماریاں صرف مادہ مچھروں کے کاٹنے سے پھیلتی ہیں۔