• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پاکستان کی حدود میں میزائل گرنے پر بھارت نے تمام میزائل سسٹمز ’شٹ ڈاﺅن‘ کردئیے

Mar 18, 2022

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ایئرفورس نے غلطی سے میزائل چلنے اور پاکستان کی حدود میں آ گرنے کے واقعے کے بعد اپنے تمام میزائل سسٹمز ’شٹ ڈاﺅن‘ کر دیئے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق بھارتی فوج کی طرف سے یہ اقدام مزید کسی میزائل کے غلطی سے چل جانے کے امکان کو ختم کرنے کے لیے اس وقت اٹھایا گیا ہے جب پاک فوج کی اعلیٰ قیادت کے قریبی ذرائع کے حوالے سے یہ خبر منظرعام پر آئی کہ بھارت کی اس غلطی کے بعد پاک فوج جوابی کارروائی کرنے تیار تھی۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ پاک فوج جوابی کارروائی میں میزائل داغنے کے قریب ہی تھی کہ ابتدائی تجزئیے میں پاک فوج کی اعلیٰ قیادت کو احساس ہوا کہ یہ میزائل بھارت کی طرف سے ممکنہ طور پر غلطی سے لانچ ہوا ہے، جس پر انہوں نے انتہائی پیشہ وارانہ روئیے کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوابی کارروائی کو روک دیا۔ بلومبرگ کے مطابق بھارتی وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے گزشتہ روز بھارتی پارلیمنٹ میں بھی انڈین ایئرفورس کی اس غلطی پر وضاحت پیش کی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی ایئرفورس نے غلطی سے اپنا براہموس میزائل داغ دیا تھا۔ مشرقی پنجاب کے شہر امبالہ کے قریب سے داغا گیا یہ میڈیم رینج میزائل مغربی پنجاب کے شہر میاں چنوں کے قریب آ کر گرا تھا۔ پاکستان میں جس جگہ یہ میزائل گرا وہاں کچھ رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی سے اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔