اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں پہلی ’بی ایم ڈبلیو آئی ایکس۔ ایکس ڈرائیو40‘ ایس یو وی گاڑی فروخت ہو گئی۔یہ گاڑی بی ایم ڈبلیو دیوان موٹرز پر فروخت ہوئی۔ اس موقع پر دیوان موٹرز کی طرف سے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔نیوز ویب سائٹ ’پرو پاکستانی‘ کے مطابق آئی ایکس ایک درمیانے سائز کی الیکٹرک لگژری گاڑی ہے، جس کے مقابلے میں پاکستان میں صرف ایک گاڑی ’اوڈی ای۔ٹرون‘ موجود ہے۔
ایک ڈرائیو 40، بی ایم ڈبلیو آئی ایکس الیکٹرک کار کی بنیادی قسم ہے، جو دیگر کئی ماڈلز میں بھی دستیاب ہے۔ اس بنیادی ماڈل میں دوہری الیکٹرک موٹرز دی گئی ہیں جو 71کلوواٹ لیتھیم آئن بیٹری پیک کے ذریعے 324ہارس پاور طاقت اور 630نیوٹن میٹرز ٹارک پیدا کرتی ہیں۔اس طاقت کے ساتھ گاڑی صرف 6.1سیکنڈز میں صفر سے 100کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پکڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس گاڑی کی حد رفتار زیادہ سے زیادہ 200کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ آئی ایکس سنگل سپیڈ آٹومیٹک ٹرانسمیشن کی حامل فور وہیل ڈرائیو گاڑی ہے ۔
کمپنی کی طرف سے دعویٰ کیا جاتا ہے کہ یہ گاڑی ایک بار بیٹری چارج کرنے پر 400کلومیٹر کا فاصلے طے کر سکتی ہے تاہم رئیل ٹائم روڈ تجربات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ گاڑی 350کلومیٹر کے لگ بھگ فاصلہ طے کر سکتی ہے، جس میں ٹریفک، موسم، روڈ کی صورتحال اور دیگر عوام کے سبب کمی و بیشی ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گاڑی میں فاسٹ چارجنگ کا فیچر بھی ہے جس کے ذریعے ا س کی بیٹری30منٹ میں 10فیصد سے 80فیصد تک چارج ہو سکتی ہے۔اس لگژری گاڑی میں دور حاضر کے تمام سیفٹی اینڈ کنوینیئس فیچرز مہیا کیے گئے ہیں۔موجود ایکسچینج ریٹ اور درآمدی ٹیکسز اور ڈیوٹیز کے لحاظ سے اس گاڑی کی قیمت پاکستان میں 2کروڑ 40لاکھ روپے ہے۔ کمپنی کی طرف سے اس گاڑی کے دیگر ماڈلز کی قیمتوں کے بارے میں تفصیل مہیا نہیں کی گئی۔
پاکستان میں بی ایم ڈبلیو IXX ڈرائیو 40 کی انٹری، پہلی گاڑی بِک گئی
