• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

روسی صدر پیوٹن کا قلعہ لیکن اس میں کیا کچھ ہے؟وہ باتیں جو آپ جاننا چاہتے ہیں

Mar 24, 2022

ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا میں صدیوں قبل بادشاہوں کے بنائے ہوئے قلعے اب متروک ہو چکے ہیں اور محض سیاح ہی انہیں دیکھنے کے لیے جاتے ہیں۔ پاکستان میں بھی کئی قلعے موجود ہیں مگر ان میں اب رہائش کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم آپ کو یہ سن کر سخت حیرت ہو گی کہ روس میں آج بھی صدر پیوٹن کی رہائش ایک 800سال قبل تعمیر کیے گئے قلعے میں ہے اور یہی روسی دارالحکومت کی مرکزی حکومتی عمارت ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ عمارت 1495ءمیں اس وقت کے بادشاہ نے تعمیر کرائی تھی اور اس کے بعد صدیوں سے یہ عمارت سوویت یونین اوراب روس میں طاقت کا مرکز چلی آ رہی ہے۔

سوویت یونین کے کئی ’زار‘ (بادشاہ)بھی اسی قلعے میں رہائش پذیر رہے اور یہیں سے سلطنت کی باگ ڈور سنبھالتے رہے۔ یہ قلعہ 172ایکڑ رقبے پر محیط ہے جس میں 700کمرے اور 9چرچ موجود ہیں۔قلعے کے اندر 5شاندار محل موجود ہے، اس کے علاوہ ایک اسلحہ خانہ اور صدر کے کئی پرائیویٹ چیمبرز بھی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس عمارت کو کریملن (Kremlin)کہا جاتا ہے جس کے معنی ’قلعہ‘ کے ہیں۔ یہ قلعہ ماسکو شہر کے عین وسط میں واقع ہے۔ اس عمارت میں ایک میوزیم بھی ہے جس میں قدیم روسی سلطنت اور بادشاہوں سے متعلق اشیاءرکھی گئی ہیں۔

اس قلعے کے اندرونی حصوں میں سے بعض پر آج بھی ایسے نقش و نگار موجود ہیں جو صدیوں پرانے رہن سہن کی عکاسی کرتے ہیں۔قلعے میں ایک ’زار بیل‘ بھی ہے۔ یہ روسی سلطنت کے بادشاہوں کی طرف سے نصب کرائی گئی گھنٹی اس وقت دنیا کی سب سے بڑی گھنٹی کا اعزاز بھی رکھتی ہے۔