نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست اوڑیسا کے شہر بھوبنیشور میں 14انسانی کھوپڑیوں اور ڈھانچوں نے خوف و ہراس پھیلا دیا۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق بھوبنیشور میں لوگ گزشتہ روز صبح سویرے اٹھے اور کام کاج کے لیے نکلے تو انجنا نامی پل کے نیچے اتنی بڑی تعداد میں انسانی کھوپڑیاں اور دیگر ہڈیاں دیکھ کر سراسیمہ رہ گئے۔
پولیس کے مطابق پاٹیا ریلوے سٹیشن کے قریب واقع اس پل سے لوگ بڑی تعداد میں گزرتے ہیں اور گزشتہ روز تک کسی نے وہاں یہ کھوپڑیاں اور ڈھانچے نہیں دیکھے تھے۔ سب سے پہلے یہ چیزیں کچرے سے کارآمد اشیاءڈھونڈنے والے ایک شخص نے دیکھیں اور دیگر راہگیروں کو ان کے متعلق بتایا۔
یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح شہر بھر میں پھیل گئی۔ اے سی پی سنجیو ستپاٹھی کا کہنا ہے کہ ”یہ کھوپڑیاں اور ڈھانچے کافی پرانے لگتے ہیں اور ایسے لگتا ہے جیسے یہ زمین میں دفن کیے گئے تھے اور وہاں سے نکال کر یہاں پل کے نیچے پھینکے گئے ہیں۔ یہ کھوپڑیاں اور ڈھانچے سائنسی تجزئیے کے لیے آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کو بھجوا دیئے گئے ہیں جہاں سے رپورٹ آنے کے بعد ہی ان کے بارے میں حتمی طور پر کچھ معلوم ہو سکے گا۔“