• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر تک رسائی صرف اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ میڈیا نمائندوں تک محدود ہو گی

Aug 6, 2022

نیویارک (نمائندہ خصوصی) اقوام متحدہ کے میڈیا ایکریڈیشن اینڈ لیزن یونٹ (ایم اے ایل یو) کے مطابق اگلے ماہ جنرل اسمبلی (یو این جی اے) کے 77 ویں اجلاس کے دوران اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ اور نان ریزیڈنٹ لانگ ٹرم پاس رکھنے والے میڈیا نمائندوں کو اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر تک رسائی دی جائے گی. دیگر صحافی کوریج کے لیے بلڈنگ کے اندر نہیں جا سکیں گے. اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر میں کوڈ-19 کے ہائی رسک کی وجہ سے محدود پیمانے پر داخلے کی اجازت ہوگی. اعلی سطحی اجلاسوں کے دوران جسمانی حاضری اور تقریبات کو محدود رکھا جائے گا.

نیویارک میں پاکستان کے مستقل مشن برائے اقوام متحدہ کے انفارمیشن سیکشن کی انچارج ڈاکٹر مریم شیخ (پریس قونصلر) نے میڈیا نمائندوں کو آگاہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے لیے اقوام متحدہ کی میڈیا پالیسی کے مطابق یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کمپلیکس تک رسائی صرف اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ میڈیا نمائندوں تک ہی محدود ہو گی، جن کے پاس اقوام متحدہ کے طویل مدتی پاسز ہوں، بشمول وہ لوگ جو اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں دفتر رکھتے ہیں.

جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران پرائیویٹ میڈیا اہلکاروں کو کوئی میڈیا پاس جاری نہیں کیا جائے گا، اس لیے کسی بھی ملک سے دورہ کرنے کا ارادہ رکھنے والے نجی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے اہلکاروں کو رسائی کی کوئی سہولت فراہم نہیں کی جائے گی.

میڈیا اراکین کی سہولت کے لیے، لائیو ویڈیو فیڈز، ڈاؤن لوڈ فائلز، تصاویر، اور میڈیا ریسورس گائیڈز اقوام متحدہ کی ویبسائٹ پر دستیاب ہوں گی. اقوام متحدہ میں پاکستان مشن کا انفارمیشن سیکشن میڈیا نمائندوں کو ویڈیوز، تصاویر اور تقاریر کے متن کے ساتھ تمام واقعات سے آگاہ کرنے کی پوری کوشش کرے گا. پاکستانی میڈیا سے درخواست ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے ویب ٹی وی کی ویب کاسٹ کو بھی فالو کریں.