• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پیمرا نے عمران خان کا براہ راست خطاب دکھانے پر پابندی عائد کر دی

Aug 21, 2022

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا براہ راست خطاب دکھانے پر پابندی عائد کر دی ۔

نجی ٹی وی ” جیو نیوز” کے مطابق پیمرا کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ عمران خان اپنی تقاریر میں اداروں پر مسلسل اور بے بنیاد الزام تراشی کر رہے ہیں ، عمران نفرت انگیزی پھیلا رہے ہیں ، وہ اپنی تقاریر میں مسلسل اداروں اور افسران کیخلاف اکسا رہے ہیں ۔

نجی ٹی وی کے مطابق پیمرا اعلامیہ میں چیئرمین پی ٹی آئی کے ایف نائن پارک کے خطاب کا حوالہ دیا گیا اور کہا گیا کہ عمران خان امن عامہ کو خراب کر رہے ہیں ، عمران خان کے خطاب آئین کے آرٹیکل 19 کی صریحاً خلاف ورزی ہیں، ان کی نفرت انگیزی سپریم کورٹ کے سوموٹو کیس کے فیصلے کے خلاف ہے ، ان کی تقاریر کا مواد لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بھی خلاف ہے ۔

پیمرا علامیہ میں مزید کہا گیا کہ عمران خان کے خطابات پیمرا قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں ، عمران خان کے براہ راست خطابات نشر کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے ، ان کی صرف ریکارڈ شدہ تقاریر نشر کی جا سکیں گی ، ریکارڈ شدہ خطاب موثر مانیٹرنگ اور ایڈیٹوریل کنٹرول کے ساتھ نشر کئے جائیں گے ، خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔