• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

انجری کے شکار شاہین شاہ آفریدی کی بھارتی کھلاڑیوں سے ملاقات کا احوال منظرعام پر آگیا

Aug 27, 2022

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی گھنٹے کی انجری کی وجہ سے ایشیاءکپ نہیں کھیل سکیں گے، تاہم مینجمنٹ انہیں ٹیم کے ساتھ متحدہ عرب امارات لے گئی ہے جہاں گزشتہ دنوں بھارتی کرکٹرز ٹریننگ کے بعد شاہین شاہ آفریدی کے پاس چلے آئے اور ان سے انجری کے متعلق دریافت کیا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے بھارتی کرکٹرز کی شاہین شاہ آفریدی سے ملاقات اور گفتگو کی ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے۔

سب سے پہلے یزویندر چاہل آفریدی کے پاس جاتے ہیں اور دونوں گرمجوشی سے ایک دوسرے سے گلے ملتے ہیں۔ آفریدی یزویندر چاہل کو بتاتے ہیں انہیں سری لنکا میں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز کے دوران انجری ہوئی۔ ان کی گفتگو کے دوران ویرات کوہلی پس منظر میں کھڑے نظر آتے ہیں۔ چاہل کے بعد وہ آگے آتے ہیںا ور آفریدی سے حال احوال دریافت کرتے ہیں۔

کوہلی کے بعد آفریدی کو بھارتی وکٹ کیپر اور بلے باز رشبھ پنت کے ساتھ گفتگو کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ وہ پنت سے کہتے ہیں کہ ”یار میں سوچ رہا ہوں آپ کی طرح بس بیٹنگ شروع کر دوں۔ ایک ہاتھ سے چھکے لگاﺅں۔“ آفریدی کی اس بات پر رشبھ پنت قہقہہ لگاتے ہوئے کہتے ہیں کہ ”کیوں، باﺅلنگ میں زیادہ محنت لگتی ہے؟فاسٹ باﺅلر ہو تو ’ایفرٹ‘ لگانا پڑے گا سر، کمپلسری(ضروری) ہے۔“

شاہین شاہ آفریدی اس موقع پر رشبھ پنت کو ان کے اتوار کے روز ہونے والے میچ کے لیے نیک تمناﺅں کے اظہار کے ساتھ رخصت کرتے ہوئے کہتے ہیں ”گڈ لک میچ کے لیے، آﺅں گا دیکھنے۔“