اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) قومی احتساب بیورو(نیب) قوانین میں ترامیم کیخلاف عمران خان کی درخواست ابتدائی سماعت کیلئے سپریم کور ٹ نے منظور کر لی ہے، درخواست پر چیف جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں 3رکنی بنچ درخواست کی سماعت کر رہا ہے ۔
نجی ٹی وی “جیو نیوز “کے مطابق سپریم کورٹ کے 3رکنی بنچ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال ،جسٹس منصور علی شاہ ، اور جسٹس اعجاز الاحسن شامل ہیں ،کیس کی سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہم آج ایک بجے تک کیس سنیں گے ، دوبارہ اگلے ماہ کے آخر میں کیس لگائیں گے ، کوشش کریں ایک گھنٹے کے اندر نئی درخواست کے اہم نکات بتا دیں ، جس پر عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ تحریری معروضات جمع کرا دی ہیں ، وفاقی حکومت کے وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ ترمیم شدہ درخواست پر تفصیلی جواب جمع کراوں گا ۔
نجی ٹی وی “سماء ” کے مطابق عدالت نے کہا کہ حقیقت ہے کہ لوگ ٹیکس گوشواروں میں مکمل اثاثے اورآمدن ظاہر نہیں کرتے ، جس پر چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ آمدن یا اثاثے ظاہر نہ کرنا نیب کا جرم نہیں بنتا ، ظاہر نہ کردہ آمدن کا غیر قانونی ہونا لازمی نہیں ہے، جسٹس منصور نے کہا کہ کوئی قانون پالیسی یا اصولوں کیخلاف ہونے کی بنیاد پر کالعدم نہیں ہو سکتا،پالیسی اصولوں کے مطابق قماربازی اور منشیات کیخلاف قانون ہونا چاہیے۔