دوحہ (نمائندہ خصوصی) طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ انڈیا کو اس بات سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے کہ امریکی فوج کے انخلا کے بعد ہم اپنے جنگجوﺅں کو انڈیا بھیج دیں گے۔
بھارتی ٹی وی ’ سی این این نیوز 18‘ نے طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین کا خصوصی انٹرویو کیا جس کے دوران بھارتی صحافی نے سوال کیا ’ انڈیا اس بات سے خوفزدہ ہے کہ جب افغانستان سے امریکی فوجی نکل جائیں گے توطالبان اپنے جنگجوﺅں کو انڈیا بھیج دیں گے ، کیا اس بات میں کوئی صداقت ہے؟ ‘اس سوال کے جواب میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان نے کہا کہ اس بات میں کوئی صداقت نہیں ہے اور نہ ہی اس سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت ہے۔
سہیل شاہین نے کہا کہ ہم اپنے جنگجوﺅں کو انڈیا کیسے بھیج سکتے ہیں جبکہ ہمیں آزادی کے بعد ملک کی تعمیر نو کی ضرورت ہوگی ، ہمیں اپنے ملک کی تعمیر نو کیلئے دوسرے ملکوں کی مدد کی ضرورت ہوگی۔
طالبان کے سیاسی ترجمان نے کہا کہ ہماری کسی بھی ملک میں مداخلت کی کوئی پالیسی نہیں ہے، ہم عالمی برادری کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں اور یہی ہماری پالیسی ہے۔