ماسکو(نمائندہ خصوصی) روسی فوجی نے منگولیا کی سرحد کے قریب ملٹری بیس میں اندھا دھند فائرنگ کرکے اپنے ہی 8 ساتھیوں کو ہلاک اور2 کو زخمی کردیا۔ فوجی اہلکار نے ذہنی دباو اور گھریلو مسائل کی وجہ سے انتہائی قدم اٹھایا۔روسی فوجی حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیااور واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی جبکہ فائرنگ کرنے والے اہلکار کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ فوجی اہلکار نے اپنے سرکاری اسلحہ سے فائرنگ شام 6 بج کر 20 منٹ پر کی اس وقت گارڈ زتبدیل کیے جارہے تھے۔روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ مذکورہ واقعہ منگولیا سے 93 میل دور سرحد کے قریب پیش آیا اور مذکورہ اہلکار ذہنی تھکاوٹ اور گھریلو مسائل کا شکار تھا۔