لاہور (نمائندہ خصوصی) آسٹریلیا کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے پاکستان کے مایہ ناز لیگ سپنر عبدالقادر مرحوم کے بیٹے عثمان قادر کو قومی سکواڈ میں شامل کیا گیا تو شائقین کرکٹ بھی حیران رہ گئے۔
عثمان قادر گزشتہ کافی عرصے سے آسٹریلیا میں مقیم تھے اور وہاں ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لینے کے علاوہ بگ بیش لیگ میں بھی شریک ہو چکے ہیں جبکہ وہ آسٹریلوی شہریت حاصل کرنے کے بعد آسٹریلیا کی نیشنل ٹیم کی نمائندگی کرنے کے خواہاں تھے تاہم اب وہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے والد مرحوم کی خواہش پوری کرنے جا رہے ہیں۔
عثمان قادر رواں سال ہی وطن واپس آئے تھے اور حیران کن طور پر انہیں آسٹریلیا کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے قومی ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔ 26 سالہ عثمان قادر کی اہلیہ نے جب خبروں میں یہ سنا کے ان کے شوہر عثمان قادر کو بھی قومی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے تو انہوں نے بے حد خوشی کے عالم میں اپنے شوہر کو فون کیا جبکہ اس سے صرف تین روز قبل ہی ان دونوں کے ہاں بچی کی پیدائش بھی ہوئی تھی۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ عثمان قادر آسٹریلیا کی مستقل شہریت کے حصول کیلئے ویزا پراسیس مکمل کر رہے تھے جنہوں نے ناصرف ویسٹرن آسٹریلیا کی نمائندگی کر رکھی ہے بلکہ وہ پرتھ سکارچرز کی جانب سے بھی تینوں طرز کی کرکٹ میں کھیل چکے ہیں جبکہ سابق سٹیٹ کوچ جسٹن لینگر ان کی کارکردگی سے بے حد متاثر تھے۔