کراچی(غلام مصطفے عزیز )گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ہنر مند، تعلیم یافتہ اور انٹر پنیور نوجوانوں کو بلاسود یوتھ بزنس لون فراہم کیا جا رہا ہے، بزنس لون کے ذریعے نوجوان اپنا کاروبار شروع کر کے اپنی اور اپنے گھرانوں کی کفالت شروع کر سکتے ہیں۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس کنوینشن اینڈ ایکسپو 2019ء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ملک میں مختلف شعبوں میں ترقی کے بھرپور مواقع موجود ہیں، بیرون الاقوامی سرمایہ کاری کے لئے بھرپور تعاون فراہم کیاجا رہا ہے جس سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے غیر ملکی سرمایہ کاری سے لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع اور غربت کے خاتمے میں بھرپور مدد مل ہے اس ضمن میں نجی سیکٹر کے فعال کردار سے قومی معیشت مزید تقویت حاصل کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم حاصل کرنے کے بعد نوجوانوں کی ترجیح ہوتی ہے کہ وہ بیرون ممالک جا کر نوکری کریں جو کہ سب کا حق ہے مگر میں نوجوانوں سے اپیل کرتاہوں کہ جس ملک نے ان پر بے پناہ اخراجات کرکے اعلی تعلیم یافتہ بنایا اب اس کی خدمت ان کا اولین فریضہ ہے اس سلسلے میں ان نوجوان کو بیرون ممالک میں پاکستان میں سرمایہ کاری لانے پر بھی توجہ دینا ہوگی کیونکہ بیرونی سرمایہ کاری سے پاکستان کی معیشت مزید ترقی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں تعلیم کا کلیدی کردار ہے اگر ہمارے نوجوان تعلیم یافتہ ہوجائیں تو پھر بہت سارے مسائل حل ہو سکتے ہیں موجودہ حکومت تعلیم پر بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ ہمارا نوجوان بھی اعلی تعلیم یافتہ ہو کر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپور خدمات انجام دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت ذہین اور ضرورت مند طلبہ و طالبات کو تعلیمی اسکالر شپ کی فراہمی کے ساتھ ساتھ گذر بسر کے لئے سالانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا وژن ہے کہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے جہاں حکومت عوام کی فلاح وبہبود کے لئے بڑھ چڑھ کر کام کریں۔ اس موقع پر قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، نیشنل اسکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر، ڈائریکٹر آئی بی اے سمیت دیگر نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے آئی بی اے انسٹیٹیوٹ میں پودا لگا کر شجر کاری مہم میں حصہ لیا۔