• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

اسلام آبادہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے دو نئے ممبران کی تعیناتی کا صدارتی نوٹیفکیشن معطل کردیا

Nov 4, 2019

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)اسلام آبادہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے دو نئے ممبران کی تعیناتی کا صدارتی نوٹیفکیشن معطل کردیا، عدالت نے وکیل جہانگیر خان کی درخواست پر حکم جاری کیا۔عدالت نے ریمارکس دیئے ہیں کہ جو چیز پارلیمنٹ میں ہے وہ و ہی طے ہونی چاہیے،سپیکرقومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ پر پورااعتماد ہے ،امید کرتے ہیں کہ پارلیمنٹ میں ہی یہ معاملہ حل کیا جائے گا ۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کے 2نئے ممبران کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی،اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے 2 نئے ممبران کی تعیناتی کا صدارتی نوٹیفکیشن معطل کردیا، عدالت نے وکیل جہانگیر خان کی درخواست پر حکم جاری کیا،چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت تک ممبران کی تعیناتی کانوٹیفکیشن معطل رہے گا ،جوچیرپارلیمنٹ کی ہے وہ وہیں طے ہونی چاہئے ،چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہا کہ سپیکرقومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ پر پورااعتماد ہے ،امید کرتے ہیں کہ پارلیمنٹ میں ہی یہ معاملہ حل کیا جائے گا ۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ پارلیمنٹ کی توقیر ہمارے لئے مقدم ہے ،پارلیمنٹ میں منتخب نمائندوں کو ایسے فیصلے خود کرنے چاہئیں،عدالت نے استفسار کیا کہ قومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ کو کتنا وقت چاہئے ؟وکیل نے استدعا کی کہ چارہفتے کا مزید وقت دے دیا جائے ،چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی ریٹائرمنٹ قریب ہے آپ جلد اس معاملے کو حل کرلیں ،الیکشن کمیشن اس وقت تقریباًغیر فعال ہے،عدالت نے کیس کی سماعت پانچ دسمبر تک ملتوی کردی ۔