کیپ ٹاون (نمائندہ خصوصی)جنوبی افریقہ کے معروف ترین مسلمان بلے باز ہاشم آملہ نے تمام طرز کی انٹر نیشنل کر کٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ،اس سے قبل جنوبی افریقہ کے جے پی ڈومینی، عمران طاہر اورڈیل اسٹین نے بھی ریٹائرمنٹ لی تھی ۔جنوبی افریقا کے پہلے بھارتی نژاد مسلمان کھلاڑی بنے ہاشم آملہ اوپننگ بیٹسمین تھے، انہیںان کے پلیئنگ سٹائل کی وجہ سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ان کے بارے میں یہ بھی کہا گیا کہ ہاشم آملہ کو”کوٹے“ کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا گیا لیکن انہوں نے انگلینڈ کیخلاف ٹرپل سنچری بنا کر ناقدین کے منہ بند کئے اور اپنے مثبت رویے اور منفرد کھیل سے مداحوں کو اپنا گروید ہ بنایا۔
آملہ نے21 برس کی عمر میں 2004 میں بھارت کیخلاف کھیل کر اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز کیا،انہوں نے اپنے کیرئیر کا ا?غاز سست انداز میں کیا، اور اپنے پہلے میچ کی دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 26رنز بنائے اور ڈربن میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں صرف ایک رن بنایا، ان کی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے ان کو قومی ٹیم سے ڈراپ کیا گیا۔انہوں نے 2008 میں بنگلہ دیش کیخلاف ون ڈے کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔وہ 181 ایک روزہ عالمی میچز کھیل کر 8000 سے زائد رنز سکور کر چکے ہیں،اور ان کی اوسط 49.74 فیصد ہے، انہوں نے 27سنچریاں اور 37نصف سنچریاں بنائیں جبکہ 44ٹی ٹوئنٹی میچز میں1,277 رنز بنائے۔ ہاشم آملہ نے انٹرنیشنل کرکٹ کیریر میں کئی ریکارڈ اپنے نام کیے،انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 7000اور 2000, 3000, 4000, 5000, 6000 رنز مکمل کرنے کاریکارڈ قائم کیا۔2014میں 86اننگز میں تیز ترین 15سنچریاں بنائیں اور2015میں 108اننگز میں 20سنچریاں بناکرتیز ترین سنچریاں بنانے والو ں کی فہرست میں شامل ہوئے۔ انہوں نے رواں سال جنوری میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 27 سنچریاں بنانے کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔ انہوں نے یہ سنگ میل 167 اننگز میں عبور کیا۔