• Thu. Jul 3rd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ڈین جونز کی ’چھٹی‘ کرنے کا فیصلہ کر لیا، آسٹریلین کوچ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کیا کہا؟ جان کر آپ بھی افسردہ ہو جائیں

Nov 7, 2019

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ نے ڈین جونز کو پانچویں ایڈیشن کیلئے ٹیم کا کوچ برقرار نہ رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ ڈین جونز نے اپنے ویڈیو پیغام میں اس فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈین جونز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ”اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالکان کیساتھ بات چیت کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ پانچویں ایڈیشن کیلئے نئے کوچ کا انتخاب کریں گے۔ یہ حقیقت جانتے ہوئے بھی کہ ہم نے دو مرتبہ ٹرافی جیتی اور پلے آف میں کھیلے گئے 8 میچوں میں سے 6 جیتے، یہ فیصلہ مایوس کن ہے۔ میں نے ٹیم کیساتھ بہت ہی زبردست چار سال گزارے اور چند بہترین نوجوانوں کو پاکستانی ٹیم کیلئے بھی کھیلتے دیکھا، میری نیک خواہشات اسلام آباد یونائیٹڈ کیساتھ ہیں۔“

واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ڈین جونز کی کوچنگ میں دو مرتبہ ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ وہ حال ہی میں پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ کیلئے بھی امیدوار تھے تاہم ان کی جگہ مصباح الحق کو یہ ذمہ داری مل گئی۔