• Fri. Jul 4th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پاکستان میں اقلیتی برادری کو اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ عمران اسماعیل

Nov 7, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے بابا گرونانک دربار کراچی کے7رکنی وفد نے رکن سندھ اسمبلی سنجے گنگوانی کی قیادت میں گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وفد میں پاکستان سکھ کونسل کے پیٹرن انچیف سردار رمیش سنگھ خالصہ، سریش کمار، دیپک کمار، جوار لال اور سوکھ دیو شامل تھے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادری کو اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکھ یاتریوں کے لئے کرتار پور کی مذہبی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے موجودہ حکومت نے کرتار پور راہداری کھولی۔ گورنر سندھ نے سکھ یاتریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ پاکستان سکھ کونسل کے پیٹرن انچیف سردار رمیش سنگھ خالصہ نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے کرتار پور راہداری کھولنے کے اقدام کو پوری سکھ برادری قدر کی نگا سے دیکھتی ہے، جبکہ موجودہ حکومت کی جانب سے ننکانہ صاحب میں یونیورسٹی کے قیام کو بھی وفد نے سراہا۔ رمیش سنگھ خالصہ نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے بابا گرونانک کے 550ویں سالگرہ کے موقع پر نغمہ اور ڈاک ٹکٹ جاری کرنا قابل قدر اقدام ہے۔ رمیش سنگھ نے بتایا کہ بابا گرونانک دیو جی کی 550 ویں سالگرہ کے موقع پر سندھ کی سطح پر تین روزہ مرکزی اجتماع کا آغاز 10 نومبر سے کراچی میں ہوگا، اجتماع میں سندھ بھر سے ہزاروں سکھ یاتری شرکت کریں گے۔ وفد نے گورنر سندھ کواختتامی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی دعوت بھی دی۔