کراچی(غلام مصطفے عزیز ) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ حکومت نے کرتار پور راہداری کھول کر اچھا اقدام کیا ہے، اس سے سکھ برادری کو مذہبی رسومات کی ادائیگی میں سہولت ہوگی، کراچی میں گرونانک کے 550 ویں جنم دن کی رسومات میں خود شرکت کروں گا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سکھ کونسل کے سرپرست اعلی سردار رمیش سنگھ کی قیادت میں ملاقات کے لئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سردار رمیش سنگھ نے میئر کراچی کو بتایا کہ پاکستان سکھ کونسل کی جانب سے گرونانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر11 نومبر رات ساڑھے 8 بجے ریلی کا اہتمام کیا جائے گا، میئر کراچی کی حیثیت سے آپ اس میں شرکت کریں۔ میئر کراچی نے پروگرام میں شرکت پر رضا مندی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمی کراچی کی جانب سے سکھوں کے مذہبی تہوار پر ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہر میں جتنے بھی گردوارے ہیں ان کے اطراف صفائی ستھرائی کی صورتحال اور اسٹریٹ لائٹس کی مرمت کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمے سکھوں کی مذہبی تہوار میں ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں۔