ٹورنٹو(نمائندہ خصوصی) کینیڈا میں بچوں کیساتھ زیادتی کی براہ راست فلم بندی کے مکروہ دھندے میں ملوث انٹرنیشنل چائلڈ پورنوگرافی گروہ کیخلاف کامیاب کارروائی میں 400 بچوں کو بازیاب کرالیا گیا ہے جب کہ گروہ میں شامل سکول ٹیچرز، مذہبی شخصیات اور ڈاکٹرز سمیت 348 کارندوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن سے بچوں سے زیادتی اور تشدد کی 45 ٹیٹرا بائٹس کے حجم کی تصاویر اور ویڈیوز برآمد ہوئی ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا میں ٹورنٹو کی انسداد جنسی زیادتی پولیس فورس نے اپنے جاسوسوں کی مدد سے چائلڈ پورنوگرافی کے عالمی نیٹ ورک کا پتہ لگایا اور دیگر شعبوں کے ساتھ مل کر ایک گرینڈ آپریشن میں 348 کارندوں کو گرفتار کرلیا ہے جس کے دوران ہوشربا انکشافات ہوئے ہیں۔ٹورنٹو پولیس کی لیزا بیلانگر نے بتایا کہ زیر حراست ملزمان میں 40 اسکول اساتذہ، 9 ڈاکٹرز اور نرسیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے کے 6 اہلکار، 9 مذہبی شخصیات اور 3 رضاعی والدین شامل ہیں۔ گرفتار ہونے والے ملزمان کا تعلق کینیڈا اور امریکا سمیت 10 دیگر ممالک سے ہے۔ملزمان سے بچوں کیساتھ جنسی زیادتی اور ان پر بہیمانہ تشدد کی ہزاروں ویڈیوز اور تصاویر برآمد ہوئی ہیں جن کا حجم 45 ٹیٹرا بائٹس ہے۔ صرف ایک سابق اسکول ٹیچر کے گھر سے 3 لاکھ 50 ہزار تصاویر اور 9 ہزار ویڈیوز ملی ہیں۔اس آپریشن کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ چائلڈ پورنو گرافی 4 ملین ڈالر کی مربوط اور منظم مارکیٹ ہے جو آسٹریلیا، اسپین، یونان، سوئیڈین اور میکسیکو سمیت 50 ممالک تک پھیلی ہوئی ہے۔ بچوں سے جنسی زیادتی اور تشدد کی فلم بندی کے لیے پروڈکشن ہاوسز اور تقسیم کار کمپنیاں بھی موجود ہیں۔پولیس نے کینیڈا میں azovfilms.com نامی ویب سائٹ کا بھی سراغ لگایا جو بچوں کیساتھ پرتشدد جنسی زیادتی کی ویڈیوز نشر کیا کرتا تھا۔ ویب سائٹ کے 42 سالہ مالک برائن وے بھی حراست میں لیے گئے افراد میں شامل ہیں.
کینیڈا میں چائلڈ پورنو گرافی کیخلاف کارروائی، 400 بچے بازیاب اور 348 افراد گرفتار
