• Fri. Jul 4th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

”سٹیو سمتھ سمیت تمام بلے باز پاکستانی باﺅلرز سے گھبرا چکے ہیں“

Nov 20, 2019

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور کمنٹیٹر رمیز راجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آسٹریلین بلے باز پہلا ٹیسٹ میچ شروع ہونے سے پہلے ہی پاکستانی باﺅلنگ اٹیک سے گھبرا چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رمیز راجہ نے کہا کہ آسٹریلین بلے باز سمجھ ہی نہیں پا رہے کہ پاکستان کے ناتجربہ کار فاسٹ باﺅلرز سے کیا توقع کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ”آسٹریلین بلے باز پاکستان کے ’نامعلوم‘ فاسٹ باﺅلرز سے پریشان ہیں کیونکہ یاسر شاہ اور عمران خان سینئر کے علاوہ کوئی بھی آسٹریلیا میں نہیں کھیلا جس کے باعث میزبان ان کی صلاحیتوں سے واقف ہی نہیں ہیں۔“
ان کا کہنا تھا کہ ”سٹیو سمتھ بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ محمد عباس ٹیسٹ سیریز میں خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں، لہٰذا پاکستان کو جارحانہ سوچ کیساتھ میدان میں اترنا ہو گا۔ آسٹریلینز اگر ایک بار میچ پر حاوی ہو جائیں تو پھر دوسرا موقع نہیں دیتے، اس لئے یہ بہت ضروری ہے کہ انہیں میچ پر حاوی نہ ہونے دیا جائے۔“
رمیز راجہ نے کہا کہ ”یاسر شاہ کو جارحانہ مائنڈ سیٹ کیساتھ باﺅلنگ کرنا ہو گی کیونکہ وہ پاکستان کو فائدہ پہنچانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اگر پاکستانی باﺅلرز نے ڈیوڈ وارنر اور سٹیو سمتھ کو جلد آﺅٹ کر لیا تو آسٹریلین ٹیم کو دباﺅ میں لایا جا سکتا ہے۔“