آج کے تیسرے میچ میں نادرن وارئیرز نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 10 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بناکر حریف دکن گلیڈیئٹرز کو جیتنے کے لئے 108 رنز کا ہدف دیا ۔ نادرن وارئیرز کی جانب سے سائمنز نے 70 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ان کے اسکور میں 4 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔ نکولس پورن نے 13 سام بلنگ نے 9 اور آندرے رسل نے 4 رنز بنائے۔ دکن گلیڈیئٹرز کی جانب سے ظہورخان اور بین کٹنگ نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ایک وکٹ فواد احمد کے حصے میں آئی۔ جواب میں دکن گلیڈیئٹرز مقررہ 10 اوورز میں 97 رنز ہی بناسکی اور یہ میچ 10 رنزسے نادرن واریئرز کے نام رہا۔ شین واٹس نے 75 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے ان کے اسکور میں 6 چھکے اور 6 ہی چوکے شامل تھے۔ دیگر بلے بازوں میں محمد شہزاد نے ایک، ڈوئیچے نے 8، کیرن پولاڈ نے ایک اور بھانوکا راجہ پکسے نے 9 رنز بنائے۔ نادرن واریئرز کی جانب سے پردیپ، آندرے رسل اور جنید صدیقی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔