• Mon. Dec 23rd, 2024

News Time HD TV

Ansar Akram

عالمی برادری توجہ دے ، جمعہ کوکشمیریوں کے قتل عام کاخدشہ ہے ، وزیر خارجہ نے خبردار کردیا

Aug 23, 2019

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے جمعہ کو کرفیوکے باوجود احتجاج کااعلان کیاہے ، کشمیریوں کے قتل عام کاخدشہ ہے، عالمی برداری معاملے کی سنگینی پر توجہ دے ۔دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم اور بربریت کی انتہا کردی ہے ، آج 19واں دن ہے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے ، لوگوں کوکھانا نہیں مل رہا ،ایسے میں بھارت کے ساتھ کیا مذاکرات ہوسکتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا میں اس لئے ہی گئے ہیں کہ دنیا اگر کشمیریوں کوقتل عام سے بچاناچاہتی ہے کہ تو اس کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا ۔ہم کہہ رہے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق پامال ہورہے ہیں ، دنیا کو اور عالمی تنظیموں کواپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور اگرنہیں کریں گے اور مقبوضہ کشمیر میں بچے ذبح ہوتے رہے ، عصمتیں لٹتی رہیں تو ذمہ دار یہ بھی ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا کوسوچنا ہوگا کہ اس خطے کے امن کوبرباد کون کررہاہے ، انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا مرتکب کون ہورہاہے ؟ دنیا کو اس کے بارے میں سوچنا ہوگا ، اس وقت مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے۔

وزیر خارجہ کا کہناتھاکہ حریت نے جمعہ کے روز احتجاج کااعلا ن کیاہے اور اگر وہاں قتل وغارت ہوتی ہے تو کیا بات چیت کا ماحول رہے گا ؟ وزیر خارجہ کاکہنا تھا کہ ہم اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے وہ موقف اختیار کیا جو پاکستان کے دیرینہ موقف کی تائید کرتاہے ، ہماری حکمت عملی یہ ہے کہ دنیا کو باور کرایاجائے کہ بھارت کتنا خطر ناک کھیل رہاہے؟انہوں نے کہا کہ ہم ہیومن رائٹس کے اجلاس میں بھی یہ معاملہ لے کر جارہے ہیں ۔