• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

”حارث سہیل سے کہا گیا کہ اپنا بیگ پیک کریں اور واپس جائیں“ آسٹریلیا میں ٹیم مینجمنٹ کے کن اراکین نے ایسا کیا اور پھر کیا ہوا؟ راشد لطیف نے حیران کن انکشاف کر دیا

Dec 5, 2019

لاہور (نمائندہ خصوصی) قومی ٹیم کے مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے جس کے بعد انہیں دوسرے ٹیسٹ میچ سے ڈراپ کیا گیا اور اب سری لنکا کیخلاف ہوم سیریز میں موقع ملنے کا امکان بھی کم ہے۔
پہلے ٹیسٹ میچ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد انہیں ایڈیلیڈ ٹیسٹ سے ڈراپ کر دیا گیا اور اب ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے حارث سے خراب رویہ روا رکھنے اور انہیں پاکستان واپس جانے کا مشورہ دئیے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے اپنے یوٹیوب چینل پر انکشاف کیا کہ ٹیم مینجمنٹ کے صف اول کے چند اراکین نے حارث سہیل کو کہا کہ ”اپنا بیگ پیک کریں اور واپس جائیں، آپ نے اچھا پرفارم نہیں کیا۔“ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر ٹیم مینجمنٹ کے سینئر اراکین منصور رانا اور شاہد اسلم نے سمجھا کر مینجمنٹ کے اراکین کو اس اقدام سے روکا کہ آپ کیا کر رہے ہیں۔
ان کے ساتھ موجود پروگرام کے میزبان ڈاکٹر نعمان نے اس خبر پر شدید حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حارث سہیل کو غلط نمبر پر کھلا کر اپنی نالائقی چھپانے کیلئے یہ کر رہے ہیں۔حارث کو پہلے ٹیسٹ میچ میں غلط نمبر پر کھلایا گیا اور اگر وہ نمبر 5 یا 6 پر کھیلتا تو رنز کرتا، انہوں نے حارث سہیل کا اعتماد بالکل ختم کردیا۔
دونوں مبصرین نے کہا کہ حارث سہیل بہت اچھا کھلاڑی ہے لیکن اس کا نمبر کا مسئلہ ہے، فرسٹ کلاس کرکٹ میں 50 کی اوسط ہے لیکن غلط نمبر پر کھلایا جا رہا ہے۔پروگرام میں ڈاکٹر نعمان نے انکشاف کیا کہ جلد سابق لیگ سپنر مشتاق احمد بھی سپن باو¿لنگ کوچ کی حیثیت سے ٹیم مینجمنٹ کا حصہ ہوں گے اور دعویٰ کیا کہ وہ وقار یونس اور مصباح الحق کے ساتھ مل کر کرکٹ کا ستیاناس کردیں گے اور ٹیم کو برباد کر کے جائیں گے۔