کراچی(غلام مصطفے عزیز ) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے جمعرات کو صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ، وزیر اطلاعات و محنت سعید غنی اور مشیر قانون، ماحولیات اور کوسٹل ڈیولپمنٹ بیرسٹر مرتضی وہاب کے ہمراہ بہادرآباد پر تعمیر کئے گئے انڈر پاسز کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس مو قع پر گفتگو کر تے ہو ئے وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ کراچی کے تمام اضلاع میں جہاں بھی ترقیاتی کام جاری ہیں ان کو وقت مقررہ سے پہلے مکمل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ عوام کو جلد از جلد سہولیات بہم پہنچائی جاسکیں۔ وزیر اعلی سندھ نے مزید کہا کہ جہاں عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ے گا اور منصوبوں کی ضرورت ہو گی، ہماری حکومت فوری طور پر وہاں نئے منصوبوں پر کام شروع کرے گی تاکہ عوام کو ہر ممکن سہولیات میسر آ سکیں۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات و محنت سعید غنی نے کہا کہ دو انڈر پاسز میں سے ایک کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور آئندہ ایک سے دو روز میں اس کا افتتاح کردیا جائے گا جبکہ دوسرے زیر تعمیر انڈر پاس کو بھی اسی ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورنگی میں زیر تعمیر 2 فلا ئی اوورز بھی اسی ماہ میں عوام کے لئے کھول دئیے جائیں گے تاکہ عوام اس سے مستفید ہو سکیں۔ وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ لیاری کی 12 اہم سڑکوں پر بھی کام تیزی سے جاری ہے اور اس میں سے زیادہ تر کام مکمل کر لیا جائے گا۔ ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ پا نی، سیوریج، سڑکوں ازسر نو تعمیر سمیت متعدد منصوبے مکمل کر لئے گئے ہیں اور باقی پر کام جاری ہے جو جلد ہی مکمل ہو جائے گا۔