• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

نیب ایک مکمل آزاد ادارہ ہے اور اس میں ابھی مزید بہتری کی گنجائش ہے، گورنر سندھ

Dec 11, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نیب آفس کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن نے پورے ملک کے اداروں کو کھوکھلا کرکے رکھ دیا ہے۔ اگر عمران خان این آر او دے دیں تو پھر یہ احتجاج ، ریلیاں ، دھرنے اور جلوس سب ختم ہوجائیں گے۔ گورنر سندھ نے نیب کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نیب بہترین کام کررہا ہے اور ہم اس کے ساتھ اخلاقی طور پر کھڑے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ نیب کو وزیراعظم آفس سے چلایا جارہا ہے۔ پہلی مرتبہ نیب نے پاکستان کے طاقتور ترین لوگوں پر ہاتھ ڈالا اور عوام کو بتایا کہ احتساب سب کے لئے ایک ہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈی جی نیب کی دعوت پر آج نیب ہیڈکواٹر کراچی آیا ہوں، یہاں کرپشن کی آگاہی کے حوالے سے سیمینار اور واک رکھی گئی ہے، نیب ایک مکمل آزاد ادارہ ہے اور اس میں ابھی مزید بہتری کی گنجائش ہے۔ میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم کے کرپشن کے خلاف کئے گئے وعدے پورے ہوتے نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاق اور سندھ میں اختلاف سے نقصان سندھ کے لوگوں کو ہوتا ہے اور میں آج پھر کہتا ہوں کہ آئیں مل کر صوبہ کی ترقی کے لیے کام کریں،سندھ حکومت کی وجہ سے کراچی کی عوام رل رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی جیسے شہر میں ہر گلی میں پولیس والا نہیں ہوسکتا۔ دستیاب وسائل میں سندھ پولیس اچھا کام کر رہی ہے۔ اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے کراچی کو جلد از جلد اسمارٹ سٹی بنانا ہوگا، بی آر ٹی پشاور منصوبہ ہو یا کوئی اور نیب جس منصوبے پر چاہئے کاروائی کرے۔