کراچی(غلام مصطفے عزیز) امریکی قونصل خانہ کراچی کی ایک ٹیم نے جنوبی سندھ کے اضلاع کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستانی عوام کے ساتھ امریکی دوستی کا عزم دہرایا۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اپنے دورے کے متعلق بتاتے ہوئے قونصل جنرل رابرٹ سلبرسٹین نے کہا کہ مجھے سندھ کی بے مثال مہمان نوازی اور عظیم ثقافت دیکھ کر ایک خوشگوار حیرت کا احساس ہوا ہے۔ امریکا ویسے بھی سندھ کے ساتھ بہت سارے شعبوں خاص طور پر صحت اور تعلیم کے شعبے میں بہت کام کر رہا ہے اور آگے بھی سندھ کی معاشی خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔ میرپورخاص، عمرکوٹ اور مٹھی میں قونصل جنرل نے مقامی تاجروں، سیاسی و سماجی لیڈران سے ملاقات کی اور باہمی تجارت، تعلیم، جبری مشقت اور آزادی صحافت جیسے معاملات پر گفتگو کی۔ قونصل خانہ کی ٹیم نے اسلام کوٹ میں موجود صحت مرکز کا دورہ بھی کیا جس کی عمارت کی تزئین و آرائش حال ہی میں یو ایس ایڈ کی جانب سے کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ یو ایس ایڈ کی جانب سے عمرکوٹ اور میرپورخاص میں موجود 10 صحت مراکز کی تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ تھرپارکر کے 45 صحت مراکز میں زچہ و بچہ کی صحت کیلئے سہولیات بھی مہیا کی گئی ہیں۔ ان مراکز میں 100 صحت کارکنان کو تربیت بھی دی گئی ہے۔ قونصل جنرل نے مٹھی میں موجود این ای ڈی یونیورسٹی میں کیمپس کے پہلے بیچ اور ہائی اسکول کے طلبا کے ساتھ ملاقات بھی کی اور انہیں امریکا میں موجود تعلیمی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔ اس سال 7,900 پاکستانی طلبا و طالبات امریکا میں تعلیم حاصل کررہے ہیں جو کہ ایک رکارڈ ہے۔ سندھ کی مذہبی روایات برقرار رکھتے ہوئے قونصل جنرل نے عمرکوٹ میں قائم قدیم شیو مندر جاکر ہندو برادری کے نمائندگان سے بھی ملاقات کی جن میں نچلی ذات سمجھیجانے والے ہندو بھی شامل تھے۔ اس کے بعد قونصل جنرل نے ضلع تھرپارکر میں موجود کوئلے کی فیلڈ کے بلاک ٹو کا دورہ بھی کیا جہاں سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کوئلہ نکال رہی ہے جوکہ بعد میں بجلی پیدا کرنے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے توانائی کے ذارئع اور بجلی کی پیداوار بڑھانے کیلئے امریکی کمپنیوں کی خدمات لینے سے متعلق خیالات کا تبادلہ کیا۔ امریکا اور سندھ کے مضبوط تعلقات کا اعتراف کرتے ہوئے قونصل جنرل رابرٹ سلبرسٹین نے اس بات کو دہرایا کہ سندھ کے ساتھ بہتر تعلقات امریکا کیلئے ترجیحات میں شامل ہے۔