وشاکا پٹنم (نمائندہ خصوصی) بھارت نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں ویسٹ انڈیز کو 107 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق راجا شیکھرا ریڈی کرکٹ سٹیڈیم وشاکا پٹنم میں کھیلے جا رہے میچ میں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان کیرون پولارڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 387 رنز بنائے۔
بھارتی اوپننگ بلے باز روہت شرما نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 138 گیندوں پر 5 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 159 رنز بنائے جبکہ لوکیش راہول نے 104 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 102 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان ویرات کوہلی کوئی سکور بنائے بغیر ہی آﺅٹ ہو گئے جبکہ شریاس ائیر نے 53، رشبھ پنت نے 39 اور کیدر جادھیو نے 16 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شیلڈن کوٹریل سب سے مہنگے باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے9 اوورز میں 83 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ کیمو پال، الزاری جوزف اور کیرون پولارڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم مقررہ ہدف کے تعاقب میں 43.3 اوورز میں 280 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شائی ہوپ نے سب سے زیادہ 78 رنز کی اننگز کھیلی اور نکولس پورن نے 75 رنز بنائے تاہم اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے میں ناکام رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ایوین لوئس نے 30، شمرون ہت مائر نے 4، روسٹن چیز نے 4، جیسن ہولڈر نے 11، کیمو پال نے 46 اور کھیری پیئر نے 21 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے محمد شامی سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 7.3 اوورز میں 39 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور کلدیپ یادیو نے بھی 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ رویندرا جدیجہ نے 2 اور شردول ٹھاکر نے 1 کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔
بھارت نے ویسٹ انڈیز کو 107 رنز سے ہرا دیا، سیریز 1-1 سے برابر
