• Tue. Jul 8th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پاک فوج اور حکومت کی اہم کامیابی، امریکہ نے پاکستان کیلئے ملٹری ٹریننگ پروگرام بحال کردیا

Dec 20, 2019

واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) امریکہ نے پاکستانی فوج کیلئے ٹریننگ اینڈ ایجوکیشنل پروگرام ایک سال بعد بحال کردیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کی انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پروگرام میں شرکت کی بحالی دونوں ممالک کی افواج کے مابین بہتر تعلقات کی عکاس ہے، یہ فیصلہ رواں سال وزیر اعظم عمران خان اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات کے بعد کیا گیا ہے۔واشنگٹن نے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا میں تعاون پر پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا ہے ۔

پاکستان کیلئے 2 ارب ڈالر کی امداد اور ٹریننگ پروگرام جنوری 2018 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس ٹویٹ کے بعد معطل ہوگئے تھے جس میں انہوں نے پاکستان پر دہشتگردوں کے خلاف موثر کارروائی کرنے میں ناکامی کا الزام عائد کیا تھا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان کی جانب سے بھیجی گئی ای میل میں کہا گیا ہے کہ ملٹری ٹریننگ پروگرام دونوں ممالک کے باہمی تعاون کے فروغ کا باعث بنے گا ، امریکہ ان اقدامات کے ذریعے ایک ایسی مضبوط بنیاد رکھنا چاہتا ہے جس سے خطے کی سکیورٹی اور استحکام میں اضافہ ہوگا۔

ایک امریکی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکہ کے اس فیصلے کے بعد پاکستان نے ٹریننگ پروگرام کیلئے افسران کے انتخاب کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ پاکستان کیلئے پروگرام کی بحالی کا حتمی فیصلہ کانگریس کی منظوری کے بعد ہی ہوگا۔