لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راﺅنڈر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے منظور شدہ کسی بھی سنیٹر میں باﺅلنگ ایکشن کا ٹیسٹ دینے کیلئے تیار ہوں۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے انگلینڈ میں محمد حفیظ کے باﺅلنگ کروانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ محمد حفیظ کا باﺅلنگ ایکشن رواں سال کھیلے گئے ٹی 20 بلاسٹ ٹورنامنٹ کے دوران رپورٹ ہوا جس کے بعد انہوں نے اپنے طور پر لف برو یونیورسٹی میں اپنے ایکشن کا تجزیہ کرایا جس کی رپورٹ میں اس کے غیر قانونی ہونے کی تصدیق ہو گئی اور بتایا گیا کہ ان کے بازوﺅں کا خم 15 ڈگری سے زیادہ ہوتا ہے۔
آل راﺅنڈر محمد حفیظ نے ای سی بی کی جانب سے پابندی لگائے جانے کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے اپنے باﺅلنگ ایکشن کے حوالے سے ای بی سی کے باﺅلنگ ریویو گروپ کی رپورٹ موصول ہو گئی ہے اور میں چند خامیوں کی نشاندہی کے باوجود ریویو گروپ کی فائنڈنگ کو تسلیم کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ریویو کمیٹی کی جانب سے بھی ٹیسٹنگ کے دوران خامیوں کو تسلیم کیا گیا تاہم میں آئی سی سی سے منظور شدہ کسی بھی سینٹر میں باﺅلنگ ایکشن کے ٹیسٹ کیلئے تیار ہوں
”میں تیار ہوں“ پابندی لگتے ہی محمد حفیظ بھی میدان میں آ گئے
