• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

”کراچی ائیرپورٹ پر انتہائی افسوسناک سلوک کیا گیا اور۔۔۔“ سابق سری لنکن کھلاڑی کیساتھ ائیرپورٹ پر کیا ہوا؟ جان کر ہر پاکستانی شرمسار ہو جائے

Dec 25, 2019

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں کمنٹری کیلئے پاکستان آنے والے سابق سری لنکن کرکٹر روشن ابے سنگھ نے پاکستان کی میزبانی، سیکیورٹی انتظامات، کھانے کی تو بہت تعریف کی ہے تاہم اس کیساتھ ہی انہوں نے کراچی ائیرپورٹ پر پیش آنے والے افسوسناک واقعہ بھی بتا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق روشن ابے سنگھ کراچی ائیرپورٹ پر پیش آنے والی صورتحال سے خاصے پریشان اور مایوس نظر آئے جن کا کہنا ہے کہ وہاں موجود افسران ’ناکارہ‘ اور پروفیشنلزم سے عاری تھے اور ان کی وجہ سے قطر جانے والی پرواز ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوئی۔ 56 سالہ ابے سنگھ نے کہا کہ ”پاکستان نے بہترین میزبانی کی لیکن افسوس کیساتھ یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ کراچی ائیرپورٹ پر موجود سروسز بہت خراب تھیں۔“
انہوں نے کہا کہ”بہت سے لوگ کرسمس منانے کیلئے دوحہ سے منسلک پرواز میں جانا چاہتے تھے تاہم خراب سروسز کے باعث ان کے دل ٹوٹ گئے۔ ایک بہت ہی اہم ادارے یعنی ائیرپورٹ پر ایسی خراب سروسز پاکستان کی امیج اور اچھے کاموں کو بہت متاثر کر سکتی ہیں۔ایماندری سے بات کروں تو اس پر میری بہت دل شکنی ہوئی۔“
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے کامیاب انعقاد کے بعد سابق سری لنکن کی شکایت کے افسوسناک نتائج بھی برآمد ہو سکتے ہیں کیونکہ اس وقت پوری دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں اور اس طرح کے واقعات غیر ملکی کھلاڑیوں، کوچنگ عملے، کمنٹیٹرز، براڈکاسٹرز اور میچ آفیشلز کے حوصلے پست کر سکتے ہیں۔