ممبئی (نمائندہ خصوصی) بھارت اور ایشیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی نے دنیا کے امیر ترین آدمی جیف بیزوس کی ایمازون کمپنی کا بھارت میں مقابلہ کرنے کا اعلان کردیا۔
مکیش امبانی کے ریلائنس گروپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ بھارت میں آن لائن ریٹیل کا کام شروع کرے گا، اس سے قبل یہ کام امریکہ سے تعلق رکھنے والی کمپنیاں ایمازون اور وال مارٹ کر رہی تھیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مکیش امبانی کے ریلائنس گروپ کے ٹیلی فون نیٹ ورک ’ جیو‘ کے پاس پہلے ہی کروڑوں صارفین موجود ہیں اس لیے ان کی کمپنی کو آن لائن شاپنگ کے معاملے میں زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور وہ باآسانی آن لائن مارکیٹ پر غلبہ حاصل کرلیں گے۔
اس وقت بھارت میں آن لائن شاپنگ کا رجحان بہت ہی کم ہے ، انٹرنیشنل اور مقامی کمپنیاں آن لائن گھریلو اشیا سپلائی تو کر رہی ہیں لیکن وہ آبادی کی ضرورت کے ایک فیصد سے بھی کم بنتا ہے۔ انڈیا میں آن لائن اشیا کی خریدو فروخت کی مارکیٹ 870 ملین ڈالر ہے اور اگر ریلائنس گروپ اس مارکیٹ میں آیا تو آئندہ چند سالوں میں یہ کاروبار 15 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔
ریلائنس گروپ کی ذیلی کمپنیاں ریلائنس ریٹیل اور ریلائنس جیو پہلے ہی ’ جیو مارٹ‘ کے نام سے انڈیا میں اپنا کاروبار شروع کرچکے ہیں، جیو مارٹ کا دعویٰ ہے کہ وہ گھریلو استعمال کی 50 ہزار اشیا لوگوں کو بنا کسی اضافی فیس کے گھر میں ڈیلیور کرسکتا ہے۔
بی بی سی کے مطابق ریلائنس کی شہرت ہے کہ وہ جس مارکیٹ میں داخل ہوا ہے،خواہ وہ تیل کی مارکیٹ ہو یا توانائی کی یا ٹیلی کمیونیکیشن، وہ اس مارکیٹ میں اپنا مقام بنا لیتا ہے۔ یہی امید کی جا رہی ہے کہ ریلائنس گروپ ای کامرس کے کاروبار میں بھی اپنا مقام بنا لے گا۔
بھارت کے امیر ترین شخص مکیش امبانی نے دنیا کے امیر ترین آدمی جیف بیزوس کے مقابلے کا اعلان کردیا
