• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

میلبورن سٹارز نے ایک مرتبہ پھر حارث رﺅف کو ٹیم سے نکال دیا

Jan 5, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کی دریافت اور بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں عمدہ کارکردگی سے دھوم مچانے والے حارث رﺅف کو میلبورن سٹارز نے میلبورن رینیگیڈز کیخلاف میچ کیلئے ٹیم سے باہر کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حارث رﺅف نے اپنی عمدہ باﺅلنگ کے ذریعے رواں سیزن میں اب تک صرف تین میچ کھیل کر 7.1 کی اوسط کیساتھ 10 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ انہیں پہلے ڈیل سٹین کی انجری کے باعث ٹیم میں شامل کیا گیا لیکن فاسٹ باﺅلرز کی واپسی پر انہیں ٹیم سے نکال دیا گیا تاہم پھر سپنر سندیپ لامی چانے زخمی ہو گئے اور ان کی جگہ ایک مرتبہ پھر حارث رﺅف کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔
ڈیل سٹین میلبورن رینیگیڈز کیخلاف اپنا آخری میچ کھیل رہے ہیں اور ان کے متبادل کے طور پر انگلش باﺅلر پیٹ براﺅن کا انتخاب بھی کیا جا چکا ہے جبکہ لامی چانے بھی فٹ ہو چکے ہیں اور ٹورنامنٹ کے باقی میچز کیلئے دستیاب ہیں تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پیٹ براﺅن کی جگہ حارث رﺅف کو ہی ایک مرتبہ پھر ٹیم میں شامل کر لیا جائے گا کیونکہ وہ قومی فرائض کے باعث ٹورنامنٹ کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق پیٹ براﺅنڈ کو جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کیلئے انگلش سکواڈ میں شامل کیا جائے گا جس کی وجہ سے وہ بی بی ایل میں شریک نہیں ہو سکیں گے اور یوں حارث رﺅف کو ایک مرتبہ پھر ٹیم میں شامل ہونے کا موقع میسر آ جائے گا جس کے باعث وہ ٹورنامنٹ کے ٹاپ فائیو باﺅلرز میں بھی اپنی جگہ بنا سکتے ہیں۔