کراچی(غلام مصطفے عزیز) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کراچی کے علاقہ ہجرت کالونی میں آر او پلانٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی اور رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آر او پلانٹ سے شہریوں کو پینے کا صاف پانی دستیاب ہوگا، میں رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی کا مشکور ہوں جنہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر علاقے کے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی۔ علاقے کے لوگوں سے درخواست ہے کہ اس پلانٹ کی حفاظت کریں تا کہ یہ زیادہ دیر تک چل سکے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اراکین صوبائی و قومی اسمبلی کو اپنے علاقے کے لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم خود غریب و مستحق لوگوں کے لیے پناہ گاہیں اور لنگر خانے بنانے کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں، ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمیں عوام کا درد رکھنے والا وزیراعظم ملا ہے، ملک کے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ وزیراعظم پاکستان کے احساس پروگرام سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں اور اپنے آپ کو ذمہ دار شہری بناتے ہوئے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ آخر میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ہجرت کالونی کے عبداللہ حسین ہارون پارک میں مستحقین میں کمبل بھی تقسیم کئے۔