کلکتہ (نمائندہ خصوصی) بھارتی ریاست مغربی بنگال میں ایک نوجوان اداکارہ کو نیو ایئر پارٹی سے واپس جاتے ہوئے اس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب نشے میں دھت ٹیکسی ڈرائیور نے اسے اغوا کرنے کی کوشش کی۔
ریاستی دارالحکومت کلکتہ میں نوجوان اداکارہ نے نیو ایئر پارٹی کے بعد گھر واپس جانے کیلئے ٹیکسی بک کی۔ ٹیکسی ڈرائیور نے اداکارہ کی بتائی ہوئی جگہ پر گاڑی روکنے کی بجائے رفتار اور تیز کردی ۔ خوفزدہ اداکارہ نے ٹیکسی ڈرائیور کا رویہ دیکھنے کے بعد فوری طور پر 100 نمبر پر کال کردی۔
ایمرجنسی کال موصول ہوتے ہی پولیس فوری حرکت میں آگئی اور ٹیکسی ڈرائیور کو دبوچ لیا۔ پولیس کو آتا دیکھ کر ٹیکسی ڈرائیور نے چالاکی دکھاتے ہوئے اداکارہ کی رائیڈ کینسل کردی اور کہا کہ لڑکی نے اس سے بحث کی اور زبردستی گاڑی چلانے پر مجبور کیا۔ پولیس نے ملزم ڈرائیور کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا۔
دوسری جانب اداکارہ نے اس معاملے پر میڈیا کے ساتھ گفتگو کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ انہیں جو بھی پریشانی تھی اس کے بارے میں وہ پہلے ہی پولیس کو آگاہ کرچکی ہیں