• Sat. Jul 5th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

5ماہ میں دوسری بار مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کااجلاس،پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی

Jan 16, 2020

نیو یارک(نمائندہ خصوصی)پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی۔پانچ ماہ میں دوسری بار مسئلہ کشمیر پراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کااجلاس ہوا جس میں اراکین کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بریف کیاگیا۔یہ اجلاس پاکستان کی درخواست اور چین کی حمایت پر بلایا گیاہے۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی جو کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے سلسلے میں امریکا میں موجود ہیں نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’پانچ ماہ میں دوسری بار مسئلہ کشمیر پراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کااجلاس ہوا جس میں اراکین کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بریف کیاگیا۔یہ اجلاس پاکستان کی درخواست اور چین کی حمایت پر بلایا گیاہے۔‘
شاہ محمود نے کہا کہ مقبوضہ کشمیربین الاقوامی سطح پر ایک متنازع معاملہ ہے اور گزشتہ سات دہائیوں سے اقوام متحدہ کے ایجنڈا پر ہے، آج ہونے والی ملاقاتوں اور گفتگو میں ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر کو ایکک متنازع معاملہ قرار دیتے ہوئے اس کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر غور کیاگیا۔
انہوں نے کہا یو این جنرل سیکرٹری اور دیگر رہنماوں سے ملاقات کے دوران انہیں مقبوضہ وادی میں جاری انسانی بحران اور پانچ اگست سے عائد بدترین کرفیو سے بریف کیاگیا۔

شاہ محمود قریشی کایہ دورہ انتہائی مصروف رہے گا جس میں ان کی نمایاں عالمی شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں بھی جاری رہیں گی۔

مسئلہ کشمیر کی صورتحال اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزیوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کابند کمرہ اجلاس ہوا، مقبوضہ وادی کی تازہ ترین صورتحال اور بھارتی پابندیوں کے حوالے سے غور کیا گیا۔ اقوام متحدہ کے مبصرین نے اجلاس کو بریفنگ دی۔

سلامتی کونسل کابند کمرہ اجلاس پاکستانی وقت کے مطابق بدھ کی رات ساڑھے نو بجے شروع ہوا، جو اڑھائی گھنٹے تک جاری رہا،فوجی مبصرین کی جانب سے بریفنگ کے بعد کونسل کے ممبران کے درمیان صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، کونسل کے تمام 15 ممبران نے بحث میں حصہ لیا۔ سلامتی کونسل کے ارکان نے اس بات کی نفی کر دی کہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ ہے۔

اجلاس کے بعد اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب زینگ جن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کشمیر کی صورتحال پر سلامتی کونسل کی میٹنگ ہوئی، جس میں مقبوضہ کشمیر کی زمینی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین بڑھتی کشیدگی کے حوالے سے دنیا کو خبردار کیا اور کہا کہ اجلاس سے کشمیر پر مذاکرات کیلئے دونوں ملکوں کی حوصلہ افزائی ہوگی، مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل کی راہ ہموار ہوگی، کشمیر ہمیشہ سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل ہے، چین کا کشمیر کے معاملے پر موقف بالکل واضح ہے۔ وادی کی صورتحال پر تشویش ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم بھی موجود تھے، ملاقات میں مشرق وسطیٰ اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو ملاقات میں مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا، اس سلسلے میں انھیں دورہ ایران اور سعودی عرب سے متعلق تفصیلات بتائی گئیں، وزیر خارجہ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کسی نئی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ جب کہ انتونیو گوتریس نے قیام امن کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔