• Wed. Jul 2nd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل، سپریم کورٹ نے مشرف کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی

Jan 18, 2020

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پرویز مشرف کی جانب سے خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف کی جانے والی اپیل سپریم کورٹ نے اعتراض لگا کر واپس کردی۔
پرویز مشرف کے وکیل سلمان صفدر کی جانب سے خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی تھی تاہم سپریم کورٹ نے اسے اعتراض لگا کر واپس کردیا۔ سابق صدر کی درخواست پر اعتراض لگایا ہے کہ جب تک وہ سرینڈر نہیں کرتے اس وقت ان کی اپیل کو قبول نہیں کیا جاسکتا۔

پرویز مشرف کے وکیل سلمان صفدر کا کہنا ہے کہ خصوصی عدالت کے فیصلے کے 30 روز کے اندر اپیل کرنا ضروری تھی ، اپیل پر اعتراض غیر متوقع نہیں ہے اس کے خلاف اپیل کریں گے۔

خیال رہے کہ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کی سربراہی میں خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کو سنگین غداری کیس میں سزائے موت سنائی تھی۔ جسٹس وقار سیٹھ نے فیصلے میں لکھا تھا کہ اگر پرویز مشرف سزا پر عملدرآمد سے پہلے انتقال کرجائیں تو ان کی میت کو ڈی چوک لایا جائے اور تین روز تک پھانسی پر لٹکایا جائے۔

سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے خصوصی عدالت کے قیام کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی جس پر فیصلہ سناتے ہوئے عدالت عالیہ نے خصوصی عدالت کی تشکیل کو غیر آئینی قرار دے دیا تھا۔