• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

مودی کو چیلنج کرنے والا 26 سالہ نوجوان غداری کے الزام میں گرفتار، 2015 کے مقدمے میں اب کیوں گرفتار کیا گیا؟

Jan 20, 2020

احمد آباد (نمائندہ خصوصی) بھارت میں انڈین نیشنل کانگریس سے تعلق رکھنے والے نوجوان لیڈر ہاردیک پٹیل کو غداری کے پرانے مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ہاردیک پٹیل پر 2015 میں غداری کا مقدمہ قائم کیا گیا ، 2015 میں وہ غداری کے مقدمے میں ذیلی عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے جس کے باعث انہیں 2020 کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ریاست گجرات کی ایک عدالت نے ہاردیک پٹیل کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے جس کے کچھ ہی گھنٹوں بعد انہیں ضلع احمد آباد کے علاقے ویر گام سے گرفتار کرلیا گیا ۔ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب رات گئے ہاردیک پٹیل کو احمد آباد میں مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جہاں سے انہیں 24 جنوری تک کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
خیال رہے کہ 26 سالہ ہاردیک پٹیل کا تعلق بھی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ریاست گجرات سے ہے، 2017 کے ریاستی اور 2019 کے قومی انتخابات کے دوران ہاردیک پٹیل ایک بڑے سیاسی فگر کے طور پر ابھر کر سامنے آئے اور انہوں نے مودی کو کھل کر چیلنج کیا ۔ اسی غداری کے مقدمے کے باعث انہیں 2019 کے قومی انتخابات میں حصہ لینے سے بھی روک دیا گیا تھا۔