• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

تیسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کو ایک اننگز اور 53 رنز سے شکست، انگلینڈ نے سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کر لی

Jan 21, 2020

پورٹ الزبتھ (نمائندہ خصوصی) انگلینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کو ایک اننگز اور 53 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2 کی برتتری حاصل کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پورٹ الزبتھ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے آخری روز جنوبی افریقہ نے 106 رنز 6 کھلاڑی آﺅٹ سے اننگز کا آغاز کیا تو انگلینڈ کو جیت کیلئے محض 4 وکٹیں درکار تھیں، ویرنون فلینڈر 13 اور مہاراج 5 رنز کے ساتھ میدان میں اترے لیکن فلینڈر سکور میں کسی بھی رن کا اضافہ کئے بغیر پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد کاگیسو ربادا 16 اور اینرچ نورٹیج 5 رنز بناکر آﺅٹ ہو گئے، ایسے میں مہاراج اورکیریئر کاپہلا ٹیسٹ کھیلنے والے ڈین پیٹرسن نے کریز پر ٹھہر کر آخری وکٹ کی شراکت میں 99 رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 237 تک پہنچا دیا۔

انگلینڈ کی پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کیلئے میزبان ٹیم کو ابھی مزید 53 رنز درکار تھے کہ 71 کے انفرادی سکور پر کیشو مہاراج رن آﺅٹ ہوگئے اور یوں انگلینڈ نے یہ ٹیسٹ اننگز اور 53 رنز سے اپنے نام کرکے چار میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کر لی، بیرون ملک کھیلتے ہوئے ٹیسٹ میچوں میں انگلینڈ کی یہ 150ویں فتح ہے۔

انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ نے 4، مارک ووڈ نے 3 جبکہ سٹورٹ براڈ اور ڈوم بریس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کے اولی پوپ کو 135 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔