• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

میدان سج گیا،پاک سرزمین پرگیارہ سال بعد پاکستان اور بنگلا دیشی کرکٹ ٹیمیں مدمقابل

Jan 24, 2020

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا میدان سج گیا، پہلا ٹی ٹوئنٹی آج دو بجے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔سکیورٹی کے سخت انتظامات کردیئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گیارہ سال بعد پاکستان اور بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیمیں پاکستان میں میچ کھیلنے جا رہی ہیں جس پر مہمان اور میزبان دونوں ٹیمیں پرجوش ہیں۔قذافی اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں نے گزشتہ روز پریکٹس کی جب کہ سیریز کی ٹرافی کی بھی رونمائی کردی گئی۔

قومی کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ متوازن ٹیم کے ساتھ میدان میں اتریں گے جبکہ بنگلا دیش ٹیم کے کپتان محمود اللہ نے کہا کہ پاکستان میں کوئی سیکیورٹی خدشات نہیں، اچھی کرکٹ کھیلنے کیلئے پرعزم ہیں۔تین میچز کی سیریز کا پہلا ٹاکرا قذافی اسٹیڈیم میں ہونے جا رہا ہے۔ اس بار پاکستا نی ٹیم میں تجربہ کار اور پرجوش نوجوانوںکا بہترین امتزاج دیکھنے کو مل رہا ہے، شعیب ملک اور محمد حفیظ کے تجربات پر گرین شرٹس کے مداح سب سے زیادہ امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔
شاداب خان، عماد وسیم اور شاہین شاہ آفریدیکی تباہ کن باولنگ بھی بڑے بڑے بلے بازوں کوزیر کر سکتی ہے جبکہ نوجوان احسان علی، خوش دل شاہ، محمد حسنین، حارث رو¿ف، عماد بٹ اور موسیٰ خان بھی جیت کے جذبے سے سرشار ہیں۔

مد مقابل ٹیم بنگلا دیش پاکستان کے خلاف زیادہ کامیابیاں تو نہ سمیٹ سکی لیکن جیتی ضرور ہے اور جیت بھی سکتی ہے کیونکہ اس میں تجربہ کار بیٹسمین تمیم اقبال، سومیا سرکار، محمود اللہ اور لٹن داس ہیں جبکہ بولنگ میں مستفیض، روبیل اور شفیع الاسلام اہم کھلاڑی ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی میچز کیلئے قذافی اسٹیدیم میں بیٹنگ فرینڈیلی پچز تیار کی گئی ہیں جہاں کا موسم بھی آج کل کرکٹ کے لیے شاندار ہے، ایسے میں وہاں چوکے چھکوں کی برسات ہو گی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے شروع ہوگا۔دوسرا ٹی 20میچ کل اورتیسرا27 جنوری کو کھیلا جائے گا۔