لاہور (نمائندہ خصوصی )پاکستانی ٹیم آج بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں قذافی سٹیڈیم میں اترے گی جس کی حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹی ٹوینٹی میچ آج دوپہر دو بجے شروع ہو گا جس حوالے سے تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں تاہم اس موقع پر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں ۔بنگلہ دیش کے خلاف پہلے میچ میں ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ نے پاکستانی کھلاڑیوں کو جارحانہ انداز اپنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ پلئینگ الیون میں کپتان با براعظم ، شعیب ملک ، محمد حفیظ، افتخار احمد ، محمد رضوان ، شاداب خان ، عماد وسیم ، شاہین شاہ آفریدی ، محمد حسین شامل ہیں ۔ ان کے علاوہ آج کے میچ میں احسان علی اور حارث روف ڈیبیو بھی کرنے جارہے ہیں ۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ حارث روف نے بی بیش لیگ میں اپنی صلاحیتوں سے اپنا لوہا منوایا اور بیرون ملک پاکستان کا نام روشن کیا ، انہوں نے ٹی ٹوینٹی لیگ میں ہیٹر ک بھی کی اور بلے بازوں کے پرخچے اڑا کر رکھ دیئے ۔
یاد رہے کہ 11سال بعد پاکستان اور بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیمیں پاکستان میں میچ کھیلنے جا رہی ہیں جس پر مہمان اور میزبان دونوں ٹیمیں پرجوش ہیں۔قذافی اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں نے گزشتہ روز پریکٹس کی جب کہ سیریز کی ٹرافی کی بھی رونمائی کردی گئی۔قومی کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ متوازن ٹیم کے ساتھ میدان میں اتریں گے جبکہ بنگلا دیش ٹیم کے کپتان محمود اللہ نے کہا کہ پاکستان میں کوئی سیکیورٹی خدشات نہیں، اچھی کرکٹ کھیلنے کیلئے پرعزم ہیں۔تین میچز کی سیریز کا پہلا ٹاکرا قذافی اسٹیڈیم میں ہونے جا رہا ہے۔ اس بار پاکستا نی ٹیم میں تجربہ کار اور پرجوش نوجوانوںکا بہترین امتزاج دیکھنے کو مل رہا ہے، شعیب ملک اور محمد حفیظ کے تجربات پر گرین شرٹس کے مداح سب سے زیادہ امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔
پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے میچ کیلئے حکمت عملی مرتب کر لی ، کوچز نے کیا ہدایت کی اور پلیئنگ الیون میں کون کون شامل ؟ جانئے
