اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاﺅ جنگ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کے مابین فلائٹس کرونا وائرس کی وجہ سے نہیں بلکہ بہار کے جشن کی وجہ سے ملتوی کی گئی تھیں، پاکستان کا اپنے شہریوں کو واپس نہ بلانا ایک ذمہ دارانہ فیصلہ ہے۔
پاکستانی ایف ایم ریڈیو 98 سے گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا، جو مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے تھے ان میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ، چین سے پاکستان آنے والے تمام شہریوں کو 2 ہفتے کیلئے آئسولیشن میں رکھا جارہا ہے تاکہ اگر کسی کو یہ مسئلہ ہو تو اس کی تشخیص ہوسکے ۔
انہوں نے کہا کہ چین میں مقیم 4 پاکستانی طلبہ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، اس حوالے سے پاکستانی حکومت اور چینی سفارتخانہ مکمل رابطے میں ہیں، چین پاکستانی طلبہ کے ساتھ اپنے شہریوں جیسا سلوک کر رہا ہے، پاکستان کا اپنے شہریوں کو واپس نہ بلانا ایک ذمہ دارانہ فیصلہ ہے۔
چین میں کرونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے یاﺅ جنگ کا کہناتھا کہ اس وقت چین میں کرونا وائرس کے خلاف مہم پہلی ترجیح بنی ہوئی ہے، مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور صحتیاب ہونے والوں کی شرح کم ہے۔