اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سپریم کورٹ میں تہرے قتل کے ملزمان کی عدم گرفتاری سے متعلق کیس کی سماعت کی سماعت ہوئی ۔ عدالت نے ملزمان غلام مرتضیٰ اورذوالفقارچانڈیو کی عدم گرفتاری پربرہمی کا اظہارکیا۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے کہاکہ سندھ پولیس مفرور ملزمان کو پکڑنے کیلئے2 سال میں کچھ نہ کرسکی،بااثر ملزمان ہونے کے باعث ہر بارپولیس کی ایک جیسی رپورٹ آ جاتی ہے۔ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو سپریم کورٹ سے کیس کا خاتمہ نہیں ہو گا۔
اس موقع پرجسٹس فیصل عرب نے استفسار کیا کہ کیا وجہ ہے ،پولیس کیوں ملزمان کو نہیں پکڑ رہی؟ جس پرڈی آئی جی سکھرنے جواب دیا کہ ممکن ہے کہ ملزمان بلوچستان میں ہوں جلد گرفتار کرلیں گے۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ سندھ پولیس کی کارکردگی پر ہم مایوس ہیں،پولیس میں صلاحیت ہے بس آزادانہ کام کرنا ہو گا۔انہوں نے کہااب کیس کو عدالت میں سنیں گے رپورٹس نہیں مانگیں گے ۔پولیس کی درخواست پر عدالت نے ملزمان کی گرفتاری کےلئے 6 ہفتوں کی مہلت دے دی۔