• Sat. Jul 5th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری عوام پر ہونے والے ظلم و ستم پر دکھی ہے اور اقوام عالم سے یہ مطالبہ کرتا ہے

Feb 3, 2020

ساہیوال(چوہدری خاورعلی)کمشنر ساہیوال ڈویژ ن محمد احسن وحید نے کہا ہے کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری عوام پر ہونے والے ظلم و ستم پر دکھی ہے اور اقوام عالم سے یہ مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارتی افواج کی طرف سے ہونے و الے انسانیت سوز مظالم کا راستہ روکیں اور انہیں آزادی کا پیدائشی حق دلانے میں اپنا کردار ادا کریں -یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خصوصی بچوں کی طرف سے اپنے جذبات کا اظہار اس امر کی دلیل ہے کہ ہر پاکستانی اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد کی حمایت سے کبھی انحراف نہیں کرے گا -انہوں نے یہ بات ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام کشمیر ی بچوں سے اظہار یکجہتی کے لئے سپیشل بچوں کی پینٹنگز کی نمائش کے موقع پر کہی جس میں ساہیوال ڈویژن سے سپیشل بچوں کے سکولوں کے 50سے زائد طلبا و طالبات نے شرکت کی -ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی بھی ان کے ہمراہ تھے -انہوں نے خصوصی بچوں کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ کشمیر تقسیم ہند کا باقی رہ جانے والا ایک اہم ایشو ہے جس پر دونوں ملک کئی جنگیں لڑ چکے ہیں -ضرورت اس امر کی ہے کہ کشمیری عوام پر ہونے والے ظلم و ستم کو روکا جائے اور ان سے کئے گئے آزادی کے وعدے کو پورا کرنے میں اقوام عالم کی تمام انصاف پسند قوتیں اپنا کردار ادا کریں -انہوں نے خصوصی بچوں کی پینٹنگز کے معیار کو سراہا اور کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ نئی نسل کو کشمیر کے مسئلے کی سنگینی اور پاکستان کے لئے اس کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے تا کہ پوری قوم یک زبان ہو کر کشمیری بھائیوں کی مدد کرے -پینٹنگز کے ان مقابلوں میں لڑکیوں کی کیٹگری میں نادیہ ،ماہ نور اور حفصہ جبکہ لڑکوں میں محمد احمد ،بدر ممتاز اور اسد اللہ نے بالترتیب پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی –