• Tue. Jul 8th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

مسئلہ کشمیر کا حل اسلامی دنیا کے سیاسی عزم اور عالمی ضمیر کے جاگنے سے ہاتھ بھرکی دوری پر،بلاول بھٹو

Feb 5, 2020

کراچی(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم یکجہتی کشمیر پر دیئے گئے اپنے پیغام میں کہاکہ پی پی پی کشمیر کی آزادی تک بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھاتی اورعالمی ضمیر کو جھنجوڑتے رہے گی،یومِ یکجہتی کشمیر منانے کا فیصلہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی حکومت نے کیا تھا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان کے مطابق بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ شہید بھٹو نے ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑا،قائد عوام نے پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی تھی۔مسئلہ کشمیر کا حل اسلامی دنیا کے سیاسی عزم اور عالمی ضمیر کے جاگنے سے ہاتھ بھر کی دوری پر ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیریوں کی سات دہائیوں سے جاری جدوجہد کو بھارت دبانے میں ہمیشہ ناکام ہوا۔نہتے کشمیریوں پر مودی کے مظالم عالمی ضمیر پر بوجھ ہیں۔جنت نظیر وادی میں 185 دنوں سے لاک ڈاوَن جاری ہے۔انہوں نے کہاپاکستانی قوم کا دوٹوک موقف ہے کہ کشمیر ہمارا شہ رگ اور اٹوٹ حصہ ہے۔پاکستان کا ہر شہر، گلی اورگاوَں آج یک آواز ہیں کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں و بہنوں کے ساتھ ہیں۔عالمی برادری کشمیر کے تصفیہ طلب معاملے پر اپنی ذمہ داری سے مزید صرفِ نظر کی متحمل نہیں ہو سکتی۔مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کے قراردادوں کی روشنی میں استصواب رائے ہے۔انہوں نے کہاکشمیر کے ہزاروں شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔حق خودارادیت کی خاطر بدترین جبر و بربریت کا سامنا کرنے والی کشمیری عوام کو سلام پیش کرتے ہیں۔