بیجنگ/شنگھائی(نمائندہ خصوصی)چین میں پھیلی کرونا وائرس کی خوفناک وبا نے مزید جانیں نگل لیں۔ چینی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ روز کے اختتام تک ہلاکتوں کی تعداد 490تک پہنچ گئی۔دوسری جانب کئی عالمی فضائی کمپنیوں نے پہلی ہلاکت سامنے آنے کے بعدہانگ کانگ کیلئے بھی اپنی پروازیں بند کردیں جبکہ جاپانی کروز شپ پر موجود لوگوں میں سے دس میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چین میں قاتل کرونا وائرس کے وار جاری ہیں۔ ووہان سمیت کئی علاقوں میں مزید سیکڑوں افراد میں اس مرض کی تشخیص ہوئی ہے تاہم ہلاکتوں کی تعداد پانچ سو کے قریب پہنچ گئی ہے۔نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق گزشتہ روز موذی وائرس کی وجہ سے 65افراد لقمہ اجل بنے۔ حکام کے مطابق مرنے واالوں میں سے زیادہ تر کا تعلق چینی شہر ووہان سے ہے جہاں سے یہ وائرس پھیلا ہے۔
نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق چین سے باہر دوہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں سے ایک کا تعلق فلپائن جبکہ دوسرے کا ہانگ کانگ سے ہے اور ان دونوں نے ووہان کا سفر کیاتھا۔حکام نے بتایا ہے کہ کل مزید 3ہزار887افرادمیں اس وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد کل تعداد24ہزار324 تک پہنچ گئی ہے۔
برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق جاپان میں ایک کروز شپ پر موجود 3ہزار700لوگوں میں سے دس میں اس وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ یہ تعداد بڑھ بھی سکتی ہے۔ان دس افراد کے ساتھ جاپان بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 33ہوگئی ہے۔کروز شپ کو 14دن کیلئے الگ کردیا گیاہے۔