• Sun. Jul 6th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل جاری ، پاکستان نے 343 رنز بنالیے ، بابراعظم آوٹ

Feb 9, 2020

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کے کھیل کا آغاز ہو گیا ہے،بابراعظم کی عمدہ بیٹنگ کے نتیجے میں پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 343 رنز بنا لیے ہیں اور 110 سکور کی برتری حاصل کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق تیسرے روز کے کھیل کا آغاز ہوا تو بابراعظم اور اسدشفیق نے میدان میں اتر کر بیٹنگ شروع کی لیکن پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابراعظم آغاز میں ہی 143 رنز پر آوٹ ہو گئے تاہم انہوں نے اپنی مایہ ناز بیٹنگ کے ذریعے پاکستان کی پوزیشن مضبوط کر دی ہے ۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستانی اوپنرز شان مسعود اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا تو صرف 2 کے مجموعی سکور پر عابد علی بغیر کوئی سکور بنائے آوٹ ہو گئے۔ اوپنر شان مسعود اور کپتان اظہر علی نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 93 رنز جوڑے تاہم اس موقع پر اظہر علی بھی 34 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔

پاکستانی ٹیم کو تیسرا نقصان 205 کے مجموعی سکور پر شان مسعود کی صورت میں اٹھانا پڑا جنہوں نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 160 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 100 رنز بنائے اور چائے کے وقفے سے چند لمحات قبل ہی تیج الاسلام کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ شان مسعود کے آوٹ ہونے کے بعد اسد شفیق اور بابراعظم نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 137 رنز جوڑ کر مجموعی سکور 342 رنز تک پہنچا دیا۔

بابراعظم 192 گیندوں پر 1 چھکے اور 19 چوکوں کی مدد سے 143 رنز بنا نے میں کامیاب ہوئے جبکہ اسد شفیق 111 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 60 رنز بنا کر کریز پر ہیں ۔پاکستان کو بنگلہ دیش کیخلاف110 رنز کی برتری حاصل ہو چکی ہے جس کے باعث قومی ٹیم کی میچ پر گرفت بھی مضبوط ہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے ابوجید اب تک کے سب سے کامیاب باولر ہیں جنہوں نے 23 اوورز میں71 رنز کے عوض3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ تیج الاسلام نے ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پوری ٹیم پہلی اننگز میں 233 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ بنگال ٹائیگرز کی جانب سے محمد متھون نے سب سے زیادہ 63 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں تمیم اقبال 3، سیف حسین 0، نجم الحسین 44، مومن الحق 30، محمود اللہ 25، لٹن داس 33، تیج الاسلام 24 اور روبیل حسین 1 سکور بنا سکے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب باولر رہے جنہوں نے انتہائی عمدہ باولنگ کے ذریعے 53 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فاسٹ باولر محمد عباس اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی جبکہ حارث سہیل 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔