• Sat. Jul 5th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

آج پاکستان کہاں کھڑا ہے؟ اگر معیشت کمزور ہے تو اس کی اہم وجوہات کیا ہیں؟ حقائق جاننے کا شاندار موقع

Feb 15, 2020

کراچی،اسلام آباد (پ ر ) آج پاکستان کہاں کھڑا ہے؟اس کا مستقبل کیا ہے؟کیا واقعی پاکستانی معیشت‘ جنوبی ایشیا کی سب سے کمزور معیشت ہے؟ اگر ایسا ہے تو اس کی اہم وجوہات کیا ہیں؟

پاکستان کی منزل درست کرنے کے لئے کچھ ٹھوس اقدامات کیا ہو سکتے ہیں؟

’’ پاکستان کی پولیٹیکل اکانومی اور پالیسی سازی کی تفہیم ‘‘ کے موضوع پر پلڈاٹ کی جانب سے منعقدہ مختصر کورس میں پارلیمان‘ حکومت اور سیاسی جماعتوں کی معروف شخصیات سمیت مختلف ماہرین ان سوالات کا جائزہ لیں گے اور ان کے جوابات تلاش کریں گے۔

یہ کورس جمعرات‘ 27 فروری 2020 کو 12:30 بجے دوپہر‘ ہوٹل سیرینا‘ اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔

کورس کے مقاصد
’’ پاکستان کی پولیٹیکل اکانومی اور پالیسی سازی کی تفہیم ‘‘ کے موضوع پر مختصر کورس‘ پلڈاٹ نے ڈیزائن کیا ہے تاکہ ’آج پاکستان کہاں کھڑا ہے؟‘؛ ’اس کا مستقبل کیا ہے؟‘؛ ’کیا واقعی پاکستان جنوبی ایشیائی خطے کی سب سے کمزور معیشت ہے؟ اگر ایسا ہے تو اس کی اہم وجوہات کیا ہیں؟‘ اور ’پاکستان کی منزل درست کرنے کے لئے کچھ ٹھوس اقدامات کیا ہیں؟‘ جیسے سوالات کا بھرپور جائزہ لیا جا سکے اور انہیں سمجھا جا سکے۔

اس کورس کو اس طور ڈیزائن کیا گیا ہے کہ سیاسی معیشت کے پہلوؤں‘ چیلنجز اور مواقع کی جامع آگہی حاصل ہو سکے اور شرکا عملی اصلاحات تلاش کر سکیں۔ کورس میں اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے گا کہ پاکستان کی ترقی میں اداروں کی ہم آہنگی نہ ہونے کا کتنا کردار ہے اور اس ضمن میں کیا کیا جا سکتا ہے اور کیا کیا جانا ضروری ہے۔ کورس کے دوران پالیسی اصلاحات کے لئے شرکا میں قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنے اور انہیں ابھارنے کی کاوش کے ساتھ قابل عمل سفارشات مرتب کی جائیں گی۔
شرکا کون ہوں گے؟

اس کورس میں منتخب نمائندوں‘ محققین‘ صحافی حضرات‘ اساتذہ کرام‘ طلبا اور دلچسپی رکھنے والے ہر فرد سمیت نوجوان پالیسی ساز حضرات اور سیاسی قائدین شرکت کر سکتے ہیں۔ بطور نوجوان پیشہ ور فرد کے خواہ آپ سیاست میں آنا چاہتے ہوں‘ مقابلے کے امتحان کے لئے خود کو تیار کرنا چاہتے ہوں‘ طالب علم ہوں‘ سرکاری شعبے میں کام کر رہے ہوں‘ کاروباری یا ترقیاتی ادارے سے وابستہ ہوں یا شعبہ تعلیم سے منسلک ہوں‘ یہ مختصر کورس آپ کو ان امور کے ادراک میں مدد دے گا کہ پاکستان کے اہم پبلک پالیسی مسائل کون سے ہیں‘ پاکستان کی سیاسی معیشت کے معاملات کیا ہیں‘ پاکستان کے اقتصادی مستقبل کو درپیش چیلنج کون سے ہیں اور آئندہ دو سے پانچ سال میں معیشت کی ترقی کے لئے کس طرح اصلاحات لائی جا سکتی ہیں۔
کورس میں شرکت کیسے کی جا سکتی ہے؟

ہر وہ شخص جو اس موضوع پر عملی معلومات کے حصول میں دلچسپی رکھتا ہو‘15,000 روپے رجسٹریشن فیس ادا کرکے اور www.pildat.org/politicaleconomy پر آن لائن رجسٹریشن کروا کر کورس میں شامل ہو سکتا ہے۔ رجسٹریشن فیس کی ادائیگی 25 فروری 2020 تک www.pildat.org/politicaleconomy پر آن لائن کی جا سکتی ہے۔ جو شرکا جلد یعنی21 فروری 2020 تک رجسٹریشن کروائیں گے انہیں 2,000 روپے کی رعائت حاصل ہو گی اور وہ صرف 13,000 روپے ادا کرکے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔

کورس کے دوران‘لنچ اور چائے یا کافی کا اہتمام پلڈاٹ کی جانب سے کیا جائے گا۔ دیگر تمام اخراجات ‘ شرکا کے ذمہ ہوں گے۔ رجسٹریشن کی سہولت پہلے آئیے‘ پہلے پائیے کی بنیاد پر ہو گی۔

مقررین اور ماہرین
یہ کورس پلڈاٹ کے صدر‘ جناب احمد بلال محبوب کی ہمراہی میں ممتار ماہر اقتصادیات ڈاکٹر سید اکبر زیدی منعقد کریں گے, نیز سابق وزرا اور ارکان پارلیمان بھی شریک گفتگو رہیں گے۔