ڈیرہ اسماعیل خان سے اسدعباس
ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن (ر)حافظ واحدمحمود کی شہید ہیڈ کانسٹیبل پولیس ریاض حسین کے گھر آمد،ضلعی پولیس سربراہ نے شہید کے لواحقین سے انکی رہائشگاہ واقع پروآ پر تعزیت کی اورشہید کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی ۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود شہید ہیڈ کنسٹیبل ریاض حسین جو گزشتہ رو ز کلاچی کے قریب دہشتگردوں کی طرف سے دھماکہ اور فائرنگ میں شہید ہوگئے تھے کے لواحقین سے تعزیت کرنے انکے گھر پروآ گئے اس موقع پرDSPپروآ سرکل افتخار علی شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ضلعی پولیس سربراہ نے شہید کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور انکے ورثاء کو دلاسہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے ، لوگوں کی جان ومال کی حفاظت اور امن وامان کے قیام کے لیے خیبر پختونخواہ پولیس کی طرف سے کافی جوانوں نے شہادت کا جام پی کر ہمارے آنے والے کل کو محفوظ اورروشن بنایا ہے پوری قوم کو شہید کی قربانی پر فخر ہے ۔ پولیس شہداء کی قربانیاں ہماری تاریخ میں سنہری حروف سے رقم ہیں ۔وہ قوم کے اصل ہیرو ہیں اور ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ انہوں نے شہید کے بال بچوں کی کفالت اور ہر قسم کی مدد وتعاون کی یقین دہانی کرائی ۔